اسرائیل حماس جنگ بندی: سیکڑوں غیر ملکیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری

ہفتہ 25 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیل حماس جنگ کے دوران غزہ اور دیگر شہروں میں پھنسے غیر ملکیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جن میں سب سے زیادہ تعداد میں 760 کے قریب روسی شہری ہیں جن کو وطن واپس بھیجا گیا ہے، جبکہ حماس کی جانب سے رہا کیے جانے والوں میں تھائی لینڈ کے باشندوں کو بھی 48 گھنٹے اسپتال میں رکھنے کے بعد واپس بھیج دیا جائے گا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اب تک 760 سے زیادہ روسی شہریوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے، جن میں 360 سے زیادہ بچے بھی شامل ہیں۔ جمعہ کے روز غزہ سے مزید 105 روسی شہریوں کا انخلا ہوا، اسی طرح کی دوسری پرواز میں 100 سے زائد روسی شہریوں کو غزہ سے نکال لیا گیا ہے۔

روسی حکام کے مطابق 55 بچوں سمیت 105 افراد چارٹرڈ ایلوشن 76 طیارے میں سوار ہو کر گھر واپس آئے، جبکہ مزید پھنسے افراد کو بھی واپس لانے کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کی جانب سے پروازوں کا انتظام کیا جا رہا ہے جس کے بعد مزید روسی شہری وطن واپس ہو جائیں گے۔

تھائی لینڈ نے قیدیوں کی رہائی پر قطر کا شکریہ ادا کیا

دوسری جانب تھائی لینڈ حکم کا کہنا ہے کہ ان کے 10 شہریوں کی رہائی کے بعد بھی 20 شہری غزہ میں قید ہیں، تھائی لینڈ کی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ ​​بندی کے معاہدے کے دوران حماس کی طرف سے 10 تھائی باشندوں کی اچانک رہائی ہوئی ہے، لیکن اس کے باوجود 20 کے قریب تھائی شہری غزہ میں قید ہیں۔

وزارت نے بتایا کہ حماس کی جانب سے جمعہ کے روز رہا کیے جانے والے یرغمالیوں میں سے 10 تھائی باشندوں کو بھی رہا کیا گیا ہے، ان تمام باشندوں کو 48 گھنٹے اسپتال میں رکھنے کے بعد تھائی لینڈ واپس بھیج دیا جائے گا۔

وزارت کی طرف سے جاری کردہ تصاویر کے مطابق رہائی پانے والے تھائی قیدیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ حکام نے قطر، اسرائیل، مصر، ایران اور ملائیشیا اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے ساتھ ساتھ دیگر افراد کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی وجہ سے تھائی باشندے رہا ہوئے۔

جنگ بندی کے دوسرے دن مزید 13 اسرائیلی قیدی رہا ہوں گے

اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے دوسرے دن 13 اسرائیلی قیدیوں کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے رہا کیا جائے گا، اسرائیلی حکام نے تصدیق کی ہے کہ انہیں غزہ کی پٹی سے رہا ہونے والے افراد کے ناموں کی فہرست موصول ہوئی ہے جس کے بعد ان تمام خاندانوں کو مطلع کر دیا گیا ہے۔

ریڈ کراس رفح کراسنگ پر منتقلی کی سہولت فراہم کرے گا جہاں قیدی اسرائیلی فوج کو منتقل کیے جائیں گے۔ جس کے بعد ان کو ابتدائی طبی معائنے کے لیے جنوبی اسرائیل کے ایک ایئربیس پہنچایا جائے گا، اور پھر انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے تل ابیب کے آس پاس کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp