کراچی: نجی شاپنگ مال میں آتشزدگی، کے الیکٹرک اور فائر بریگیڈ پر مقدمہ درج

اتوار 26 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے راشد منہاس روڈ پر نجی شاپنگ مال میں آگ لگنے کا مقدمہ کے الیکٹرک، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کے خلاف شارع فیصل تھانے میں درج کر لیا گیا، سرکار کی مدعیت میں درج مقدمے کی دفعات میں قتل بالسبب، لاپرواہی اور نقصان رسانی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

درج مقدمے کے مطابق شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ عمارت میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے، عمارت میں آگ بجھانے کے آلات اور ایمرجنسی اخراج نہیں تھا اور عمارت کا نقشہ غیر قانونی طریقے سے پاس کیا گیا تھا۔

مقدمے کے متن کے مطابق عمارت کی تعمیرات میں ناقص مٹیریل استعمال ہوا، کے الیکٹرک اور فائر بریگیڈ نے ناقص میٹریل کے باوجود این او سی جاری کیا۔ کے الیکٹرک، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں نے مجرمانہ غفلت کی۔

درج کیے جانے والے مقدمے کے مطابق صبح کے وقت عمارت میں آگ لگی اور بلڈنگ کو لپیٹ میں لے لیا گیا، عمارت میں موجود افراد نے برقی لفٹ اور سیڑھیوں کی مدد سے جان بچانے کی کوشش کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شاپنگ مال میں آگ لگنے سے 11 افراد جاں بحق ہوئے تھے، آگ لگنے کے باعث متعدد لوگ جھلس کر زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp