پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر صائم ایوب نے کہا ہے کہ دورہ آسٹریلیا کے لیے بھرپور تیاری کی ہے اور اچھی کارکردگی کے لیے پُرامید ہوں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صائم ایوب نے کہاکہ ہمیشہ کوشش ہوتی ہے میچ ونر بنوں۔
صائم ایوب نے کہاکہ میچ کے دوران خود کو کنڈیشنز کے حساب سے ایڈجسٹ کرنا پڑتا ہے، ایسا نہیں کہ اندھا دھند مارنا شروع کر دو، اپنے لیے مشکل اور آسانی پیدا کرنا کھلاڑی کے اپنے تک ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ آسٹریلیا میں پہلی بار کھیلنے کا موقع میسر آئے گا، چاہتا ہوں کی تینوں فارمیٹ میں بھرپور کارکردگی دکھا کر کرکٹ کا بہترین کھلاڑی بنوں۔
نوجوان بیٹر نے کہاکہ جتنے بھی لیجنڈ ہیں ہمارے اسٹیج سے گزر کر گئے ہیں، میں بھی چاہتا ہوں کہ خود اپنی پہچان بناؤں، ’میں بھی ان کی طرح بن سکتا ہوں‘۔
انہوں نے کہاکہ آسٹریلیا میں کرکٹ فاسٹ ہے، وہاں کھیلنے کا زیادہ مزہ آئے گا کیوں کہ چیلنج ملے گا تو اس میں گروتھ بھی ہو گی۔
صائم ایوب نے کہاکہ کرکٹ کی دنیا میں میرا کوئی ایک فیورٹ نہیں بہت سارے ہیں، کسی ایک کا نام لوں گا تو باقی برا مان جائیں گے۔
واضح رہے کہ صائم ایوب دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے قبل ٹریننگ کیمپ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے جو 28 نومبر تک جاری رہے گا۔