چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے ثقافت کو قوموں کے درمیان پل اور دوستی کو فروغ دینے کا ایک طاقتور ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان تعلقات کے لیے بین الاقوامی ثقافتی دن کی تقریبات اہمیت کی حامل ہیں۔
بیجنگ میں پاکستان ایمبیسی کالج کے زیر اہتمام سالانہ بین الاقوامی ثقافتی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایسی تقریبات چین پاکستان معاشرے کی تشکیل کو فروغ دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہیں۔
بیجنگ میں پاکستان ایمبیسی کالج کے زیر اہتمام سالانہ بین الاقوامی ثقافتی دن کا انعقاد کیا گیا، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
مزید پڑھیں
تقریب میں روایتی موسیقی کے ساتھ ساتھ چین اور پاکستان سمیت 40 سے زیادہ ممالک کے فنون لطیفہ، ملبوسات اور کھانوں کی نمائش کی گئی۔
تقریب میں کالج کے طلبا، والدین، اساتذہ ، پاکستانی اور بین الاقوامی برادری کے ارکان کے ساتھ ساتھ سفارتی عملے نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے اپنے خطاب میں ایمبیسی کالج اور اس کے طلبا کے شاندار انتظامات اور پرفارمنس کے بھرپور انداز میں پیش کرنے پر تعریف کی جس سے مختلف ثقافتوں اور روایات کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، احترام اور تعاون کو فروغ ملا ہے۔
انہوں نے ثقافت کو قوموں کے درمیان پل اور دوستی کو فروغ دینے کا ایک طاقتور ذریعہ قرار دیا۔
سفیر نے چین، پاکستان تعلقات کے لیے بین الاقوامی ثقافتی دن کی تقریبات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ اس تقریب نے چین پاکستان کمیونٹی کے مشترکہ مستقبل کی تشکیل کو فروغ دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی ثقافت کا دن پاکستان ایمبیسی کالج کے زیر اہتمام ہر سال منایا جاتا ہے تاکہ ادارے کی باہمی افہام و تفہیم، احترام اور تعاون کی بنیادی اقدار کو اجاگر کیا جا سکے۔