اسرائیل کا جنگ بندی کے خاتمے کے ساتھ ہی حماس کیخلاف کارروائیوں کا اعلان

اتوار 26 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ہرزی ہالوی نے کہا ہے کہ جنگ بندی کا وقت ختم ہونے کے بعد اسرائیلی فوج ایک نئے عزم کے ساتھ واپس آئے گی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اپنے ایک بیان میں اسرائیلی کمانڈر نے کہا کہ تمام یرغمالیوں کی رہائی تک ہم جنگ جاری رکھیں گے اور حماس کو مکمل ختم کرنے کے لیے اپنی کارروائیاں کریں گے۔

حماس نے مزید 17 یرغمالی رہا کر دیے

دوسری جانب اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے تیسرے روز حماس کی جانب سے مزید 17 یرغمالیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو حماس کی جانب سے رہا کیے گئے یرغمالیوں کو غزہ سے باہر منتقل کیا گیا۔ ان میں سے کچھ افراد کو براہِ راست اسرائیل کے حوالے کیا گیا ہے جبکہ کچھ مصر کے راستے سے روانہ ہوئے۔

دوطرفہ معاہدے کے مطابق آج اسرائیل کی جانب سے بھی 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جانا تھا۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان 4 روزہ جنگ بندی کا آخری روز پیر کو ہو گا اور کل قیدیوں کا چوتھا تبادلہ متوقع ہے، معاہدے کے مطابق حماس مجموعی طور پر 50 یرغمالیوں کو رہا کرے گا جبکہ فلسطین کی جانب سے 150 قیدی واپس کیے جائیں گے۔

اِدھر امریکا اور قطر کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ جنگ بندی میں مزید توسیع کی جائے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو حماس کی جانب سے اسرائیل کے خلاف کیے گئے آپریشن کے بعد سے اسرائیل نے غزہ پر بمباری کا سلسلہ شروع کیا تھا اور اب تک مجموعی طور پر 15 ہزار کے قریب فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

اسرائیلی جیلوں میں انتقال کرنے والے فلسطینیوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کا انکشاف

اِدھر الجزیرہ نیوز نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید کے دوران  انتقال کرنے والوں کی میتوں کو باقی سزا پوری کرنے کے لیے ریفریجریٹر میں رکھا جاتا ہے۔

اسرائیلی جیلوں میں قید کاٹنے والے فلسطینیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے سماجی کارکن نے بتایا ہے کہ اب تک 398 فلسطینیوں کا اسرائیلیوں جیلوں میں انتقال ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ عرصے میں 142 فلسطینیوں کا اسرائیلی جیلوں میں انتقال ہوا ہے جن میں نوجوان اور بچے بھی شامل ہیں مگر ان کی لاشیں ریفریجریٹر میں رکھی گئی ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ اسرائیل فلسطین میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے مگر مہذب دنیا کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، جنیوا کنونشن کے تحت جنگ کرنے والے فریقین کو پابند کیا گیا ہے کہ مخالفین کی لاشوں کی باعزت طریقے سے تدفین کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp