چین نے دنیا کے 6 ممالک کے شہریوں کو بغیر ویزا ملک میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ کے مطابق فرانس، جرمنی، اٹلی، نیدرلینڈز، اسپین اور ملائشیا کے شہریوں کو ویزا فری انٹری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ ممالک کے شہری کاروباری سرگرمیوں، سیاحت اور اپنے عزیز و اقارب سے ملاقات کے لیے چین میں بغیر ویزا کے داخل ہوسکیں گے اور 15 روز تک قیام کر سکیں گے۔
مزید پڑھیں
ترجمان کے مطابق عارضی طور پر ایک سال کی مدت کے دوران یعنی دسمبر 2023 سے 30 نومبر 2024 تک ان 6 ممالک کے شہری ویزے کے بغیر چین میں داخل ہوسکیں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خاتمے کے بعد چین نے سیاحت کے فروغ کے لیے پھر سے ویزوں کے اجرا کا آغاز کیا ہے، چین نے کورونا وائرس وبا کے پیش نظر مارچ 2020 میں سخت سفری پابندیاں عائد کی تھیں۔
کورونا وبا سے قبل چین میں ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں لوگ سیاحت کی غرض سے آتے تھے۔