فلسطینی جھنڈا لگانے پر اعظم خان کو جرمانہ: کیا پی سی بی پر تنقید درست ہے؟

پیر 27 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کو ایک میچ کے دوران فلسطین کا جھنڈا لگانے پر بھاری جرمانہ عائد کیا ہے، جس پر پی سی بی کو سوشل میڈیا پر تنقید کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اس معاملے پر پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنایا جانا درست ہے یا غلط، اس حوالے سے سینئر سپورٹس جرنلسٹ فیضان لاکھانی نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا:

 ’ہم سب اعظم کے خلاف پی سی بی کی کارروائی کو نفرت کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں لیکن میرے خیال میں انہوں نے ایسا اس لیے کیا کیونکہ میچ ٹی وی پر دکھایا جا رہا تھا اور وہ (پی سی بی) آئی سی سی قوانین (جو تمام کرکٹ آفیشلز پر لاگو ہوتے ہیں) کا دستخط کنندہ ہے۔ اعظم نے گزشتہ میچز (جو براڈ کاسٹ نہیں کیے گئے) میں بھی یہی جھنڈا لگایا تھا اور اس وقت کسی نے ان سے کچھ نہیں کہا تھا‘۔

فیضان لاکھانی کی پوسٹ پر ایکس صارفین نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ صارف خوشنود علی خان نے کہا، ’اگر اعظم خان پہلے کھیلے گئے میچز میں یہی بیٹ استعمال کر رہے تھے تو پی سی بی نے انہیں بتایا کیوں نہیں‘۔

حسبان میمن نے بھارتی ٹیم کی مارچ 2019 میں آسٹریلیا میں ایک میچ کے دوران لی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا، ’آئی سی سی کے قوانین یہاں تبدیل ہوجاتے ہیں‘۔

عباس نے ورلڈ کپ کے دوران بیٹ پر مہاراج کے دستخط کے بارے میں بات کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا اس وقت آئی سی سی سو رہی تھی۔

عاطف داور نے سوال کیا کہ آفیشل لیگز میں بولیاں/ شرطیں لگانے والی کمپنیوں اور ان کے فروغ سے متعلق آئی سی سی کے کیا قوانین ہیں؟ کیا پی سی بی بولیوں/ فرنچائز اسپانسرز کی حوصلہ افزائی نہیں کرتا؟ سیدھا سیدھا کہو کہ پی سی بی والے بھی منافق ہیں، جیسی حکومت ویسی ہی پی سی بی ہے۔

مصطفیٰ نے کہا، ’بالکل صحیح کیا پی سی بی نے، یہ قوانین کے خلاف ہے‘۔

انس نے کہا، ’پہلے میچ میں اسٹیکر استعمال کیا کسی کو پتہ نہیں چلا۔ اب جرمانہ ہوا تو یہ مسئلہ پھر منظر عام پر آگیا اور سب کو پتہ چل گیا، مارکیٹنگ کے طریقے۔

واضح رہے کہ پاکستانی بلے باز اعظم خان کو قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں لاہور بلیوز اور کراچی وائٹس کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں بلے پر فلسطین کے جھنڈے کا اسٹیکر چسپاں کرنے پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ کیا گیا تھا۔

اس سے قبل رواں برس بھارت میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں پاکستانی وکٹ کیپر اور بیٹر محمد رضوان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سری لنکا کے خلاف اپنی شاندار سینچری اور پاکستان کی جیت غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے نام کی تھی جس کے بعد پی سی بی نے انہیں پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کو کہا تھا، لیکن انہوں نے اس پر عمل کرنے سے انکار کردیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp