کراچی میں فلسطین کے لذیذ پکوان کی دھوم، فلسطینی خاندان نے دل جیت لیے

پیر 27 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی وطن عزیز کے گوشے گوشے سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کا ایک گلدستہ ہے اسی وجہ سے وہاں مزے مزے کے پکوان ملتے ہیں جو ہر ایک کے ذوق کی تسکین کرتے ہیں۔ ایسے میں اس میگاپولس میں مقیم فلسطینی خاتون ایمان الحاج علی نے اپنے وطن کے لذیذ پکوانوں کا بھی اضافہ کردیا ہے اور اپنے ہاتھ کے منفرد ذائقوں سے شہریوں کے دل جیت لیے ہیں۔

گزشتہ ایک برس سے ایمان الحاج علی نے فلسطین کے مزے مزے کے پکوانوں نے شہر میں تہلکہ مچا دیا ہے۔ ایمان اور ان کی بیٹیوں کا مقصد اپنی آن لائن بیکری کے ذریعے نہ صرف فلسطین کے پکوان بلکہ اپنے وطن کی ثقافت سے بھی پاکستانیوں کو روشناس کرانا ہے۔

ایمان کا سفر اس وقت شروع ہوا جب ان کے پاکستانی شوہر جو اکثر کام کے سلسلے میں محو سفر رہتے ہیں انہیں کراچی لے آئے۔ فلسطینی کھانوں کے لیے اپنے شوق اور اپنے ثقافتی ورثے کو بانٹنے کی خواہش کی وجہ سے ایمان نے اپنے گھر میں ایک چھوٹی آن لائن بیکری بنا کر اپنی بیٹیوں لیلیٰ اور اسراء کے ساتھ مل کریہ کام شروع کیا۔

ان کی دونوں بیٹیاں بزنس گریجویٹس ہیں اور خود ایمان آئی ٹی انجینیئر اور استانی ہیں لیکن ان کے کھانے بنانے اور اپنے ملک سے قریب رہنے کے شوق نے انہیں ایک چھوٹی بیکری کے قیام کی جانب راغب کیا اور اس میں لیلیٰ اور اسراء نے ان کی پوری مدد کی۔

ایمان نے کہا کہ ’میری دونوں بیٹیوں نے بزنس پڑھا ہے تو ان کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا اس سے بہتر طریقہ اور کیا ہوسکتا تھا‘۔

پاکستانی شہری سے شادی کرنے کے بعد یہاں منتقل ہونے والی ایمان کی سوتیلی بیٹی اسراء بھی انہی کے ساتھ رہتی ہیں۔ ان تینوں نے مل مختلف ڈشز کنافہ، قطائف اور باسبوصہ کے ذریعے کر کراچی میں رائج پکوانوں میں فلسطینی لذتوں کا بھی اضافہ کردیا ہے۔

ایمان نے بتایا ہے کہ قطائف ایک میٹھا ہے جو فلسطین میں خاص طور پر رمضان کے دوران تیار کیا جاتا ہے۔

گزشتہ رمضان میں شروع کی گئی اس بیکری نے ان ثقافتی پکوانوں کو کامیابی کے ساتھ اپنے مینو میں شامل کر لیا ہے اور خصوصی طور پر لذیذ ڈش کنافہ کراچی والوں کے میٹھے کے شوق کی بخوبی تسکین کر رہی ہے۔ یہ عربی کھانوں میں ایک مشہور ڈش ہے جو دنیا بھر میں مقبول ہے۔

گو ایمان فلسطین میں پیدا نہیں ہوئیں لیکن پھر بھی فلسطین اور اس کے عوام سے سے انہیں بیحد لگاؤ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے لوگوں کی بہت شکر گزار ہیں کہ انہوں نے فلسطینیوں کے لیے آواز اُٹھائی۔

اسراء اور لیلیٰ یک ملازم کے ساتھ مل کر سارے پکوان تیار کرتی ہیں۔ لیلیٰ کراچی کے عوام کو فلسطینی ثقافت کے بارے میں آگاہی دینے، اسرائیلی دعوؤں کو رد کرنے اور پاکستان اور فلسطین کے درمیان پائیدار محبت کی اہمیت اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔

لیلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور فلسطین کے بیچ ایک پیار کا رشتہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی فلسطینیوں کے درد کو محسوس کرتے ہیں اور وہاں رونما ہونے والے ہولناک واقعات پر دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’کراچی کے عوام کی طرف سے ہمیں جو تعاون ملا ہے ہم اس کے لیے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہاں کے شہریوں کی سپورٹ کی وجہ سے ہمیں اور بھی زیادہ محنت کرنے کا حوصلہ ملتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp