پی سی بی نے کرکٹر اعظم خان پر عائد 50 فیصد جرمانہ ختم کردیا

منگل 28 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے باز اعظم خان پر جرمانہ ختم کردیا۔

پی سی بی نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ 2023 کے ایک میچ کے دوران  کرکٹر اعظم خان پر، اپنے بلے پر فلسطین کا جھنڈا لگانے کے ’جرم‘ میں عائد 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ ختم کر دیا۔

واضح رہے کہ اعظم خان کو پی سی بی کے قواعد و ضوابط کے آرٹیکل 2.4  کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

ضوابط کے مطابق کوئی کھلاڑی غیر منظور شدہ لوگو/ سیاسی پیغام کی نمائش نہیں کرسکتا۔ اعظم خان نے میچ امپائر کی وارننگ کے باوجود اسٹیکر نہیں ہٹایا تھا۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق کھلاڑی کپڑوں اور کھیل کے سازو سامان پر کوئی بھی غیر منظور شدہ اسٹیکر یا سیاسی یا مذہبی پیغامات نہیں لگا سکتے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال بھارت میں کھیلے جانے والے  ورلڈ کپ 2023 میں بھی پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے نے سری لنکا کے خلاف اپنی شاندار سینچری اور پاکستان کی جیت کو غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے نام کی تھی۔

محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف فتح پر سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں فلسطینیوں بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان کی تاریخی فتح ان کے نام کی تھی۔

جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے محمد رضوان کو پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کو کہا تھا، لیکن انہوں نے اس پر عمل کرنے سے انکار کردیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp