تھائی لینڈ میں دلہا نے شادی کے پنڈال کو میدان جنگ میں تبدیل کرتے ہوئے دلہن اور اس کے 3 رشتے داروں پر گولیوں کی بوچھاڑ کرکے قتل کردیا اور پھر اپنی بھی جان لے لی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شادی کی تقریب میں ہونے والے مذکورہ قتل عام نے پورے ملک میں غم وغصے اور صدمے کی لہر دوڑا دی ہے۔
یہ اندوہناک واقعہ شمال مشرقی تھائی لینڈ کے علاقے وانگ نم کھیو کے ایک گھر میں پیش آیا جہاں 29 سالہ چترونگ سوکسوک اور 44 سالہ کنچنا پچونتھوک کی شادی ہو رہی تھی۔
تقریت کے دوران مہمانوں اور رشتہ داروں نے دیکھا کہ سابق فوجی چترونگ اپنی دلہن کے ساتھ جھگڑے کے بعد غصے میں نظر آ رہا ہے اور پھر وہ پنڈال سے نکل کر اپنی گاڑی کی طرف گیا اور پستول لے کر واپس آگیا اور دلہن سمیت وہاں موجود افراد پر فائر کھول دیا۔
قتل ہونے والوں میں دلہن چترونگ سوکسوک کے علاوہ دلہن کی ماں 62 سالہ کینگتھونگ کلاجورو اور بہن 38 سالہ کورنیکا اور ایک باراتی 50 سالہ تھونگ نونکھونتھو شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ایک اور باراتی 28 سالہ بامرنگ چتیراٹ کو شدید زخم آئے۔
اس کارروائی کے بعد دلہا نے خود کو بھی گولی مار لی اور موقع پر ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے 11 گولیاں برآمد ہوئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دلہا اس وقت نشے میں دھت تھا تاہم قتل کا اصل مقصد فی الحال واضح نہیں ہے۔