شاہد آفریدی کا بابر اعظم پر اعتراض، سابق کرکٹرز کی جوابی تنقید

بدھ 1 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا اے بی ڈیویلیئرز اور ویرات کوہلی سے موازنہ کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے انہیں نمبر ون تو مانا لیکن پورے نمبر دینے سے احتراز کیا۔

پشاور زلمی کی قیادت کرنیوالے بابراعظم ملک میں جاری پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن میں لاہور قلندر کے ہاتھوں شکست کے بعد جہاں تنقید کی زد پہ آئے ہیں وہیں لوگ ان کے دفاع میں بھی سامنے آگئے ہیں۔

نجی ٹی وی پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بابراعظم کو ملک کی پہچان قرار دیتے ہوئے نمبر ون تو تسلیم مگر جتا دیا کہ وہ عالمی سطح پر مایہ ناز بلے بازوں کی لیگ میں شامل نہیں۔

اپنے دلفریب کورڈرائیو کی بدولت مشہور بابر اعظم گذشتہ میچ میں شاہد آفریدی کے داماد اور لاہور قلندر کے کپتان شاہین آفریدی کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے تھے اور ان کی ٹیم مقررہ ہدف کے حصول میں بری طرح ناکام رہی تھی۔

شاہد آفریدی نے اپنے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ بابر اعظم کو اے بی ڈیویلیئرز یا ویرات کوہلی کی صف میں شامل ہونے سے جو چیز روکتی ہے وہ میچ جیتنے کے لیے درکار اختتام تک بلے بازی کی صلاحیت ہے۔

’یہ ناکامی ہی دراصل بابر اعظم کو اے بی ڈیویلیئر اور ویرات کوہلی کی لیگ میں شامل ہونے سے روکے ہوئے ہے۔ میں چاہتا ہوں بابر اعظم میچ جیتنے والی بلے بازی کرے۔‘

شاہد آفریدی کے اس تبصرے کے بعد ٹوئٹر پر بھی بابر اعظم کی حمایت اور مخالفت میں بحث چھڑ گئی ہے۔ کرکٹر شہریار اعجاز نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مگر متنازعہ کپتان سلمان بٹ کی ویڈیو شیئر کی ہے۔

بابر اعظم کا دفاع کرتے ہوئے سلمان بٹ کہتے ہیں کہ میچ کو فتح سے ہمکنار کرانا اوپنر کا کام نہیں۔ ’یہ کردار مڈل آرڈر سے کھیلنے والے بلے بازوں کا ہے۔ بابر اعظم پر تنقید میں مجھے تو کوئی منطق نظر نہیں آتی۔‘

https://twitter.com/SharyOfficial/status/1630658403403014144

ٹی وی پروگرام میں شاہد آفریدی کے ہمراہ گفتگو میں شریک ٹیسٹ کرکٹر امام الحق نے بھی شاہد آفریدی کی تائید کی۔ ’میں لالہ کی بات میں تھوڑا اضافہ کردوں۔ ہم نے اس پر بات کی ہے اور بابر اعظم بھی یہ سمجھتے ہیں کہ انہیں میچ کو آخر تک لے جانا چاہیے۔‘

امام الحق کا کہنا تھا کہ اے بی ڈیویلیئرز اور ویرات کوہلی کے مقام تک پہنچنے کے لیے بابر اعظم کو مزید محنت کرنا ہو گی۔’ 50  رنز مکمل کرنے کے بعد بابر اعظم ایسی بیٹنگ کریں کہ بولرز ان سے ڈریں۔ ابھی بابر اعظم سیٹ ہیں لیکن بولرز ان سے ڈرتے نہیں ہیں۔‘

ایک اور ٹی وی پروگرام میں سابق ٹیسٹ کرکٹر تنویر احمد کا موقف تھا کہ ویرات کوہلی جیسے مایہ ناز بلے بازوں کو اپنے ساتھی بلے بازوں کی رفاقت حاصل رہتی ہے جبکہ بابر اعظم کو ایسے بلے بازوں کی سنگت دستیاب نہیں۔ ’پاکستانی ٹیم میں ان کے علاوہ کوئی ورلڈ کلاس کھلاڑی نہیں۔‘

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم کی پہلی، ٹی20 رینکنگ میں دوسری اور ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp