پی ایس ایل: کراچی کنگز کو دوسری مرتبہ پشاور زلمی کے ہاتھوں ہزیمت کا سامنا

بدھ 1 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے ایک دلچسپ مقابلہ کے بعد کراچی کنگز کو باآسانی 22 رنز سے شکست دیدی۔ یہ پشاور زلمی کے ہاتھوں کراچی کنگز کی پی ایس ایل مقابلوں میں مسلسل چھٹی شکست ثابت ہوئی ہے۔

پشاور زلمی کے 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز سے آگے اسکور نہ کرسکی۔

پی ایس ایل کے آٹھویں سیزن کے دوران راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے اس پہلے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

محمد عامر کی تباہ کن بولنگ کے باوجود پشاور زلمی 198 رنز جیسا قابل دفاع ہدف اسکور بورڈ پر پوسٹ کرنے میں کامیاب رہی۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ بظاہر درست ثابت ہوا جب محمد عامر نے پہلی ہی گیند پر محمد حارث کو صفر اور کپتان بابر اعظم کو بھی صفر پر پویلین بھیج دیا۔

اپنے اگلے اوور میں محمد عامر نے صائم ایوب کو بھی آؤٹ کردیا۔اس موقع پر لگتا تھا کہ پشاور زلمی کراچی کنگز کو بڑا ہدف دینے میں ناکام رہے گی لیکن اس کے بعد حسیب اللّٰہ خان، روومین پاول اور ٹام کوہلر کیڈمور نے کراچی کنگز کے بولرز کو نشانہ پر رکھ لیا۔

حسیب اللّٰہ خان نے 50 ، روومین پاول نے 64 اور ٹام کوہلر کیڈمور نے 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پشاور زلمی کے عامر جمال نے 5 گیندوں پر 13 رنز بنائے اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر نے 4 اور تبریز شمسی نے 1 وکٹ حاصل کی۔

کراچی کنگز کے میتھیو ویڈ نے 41 گیندوں پر 53 رن بنائے جب کہ عماد وسیم نے 30 گیندوں پر 57 رن کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پشاور کے عظمت الله عمارزئی اور عامر جمال نے 3،3 جب کہ مجیب الرحمان نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کا یہ اس پی ایس ایل سیزن کا یہ دوسرا میچ تھا۔  14 فروری کو کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ایک انتہائی دلچسپ مقابلہ کے بعد پشاور زلمی نے صرف 2 رنز سے فتح اپنے نام کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp