الیکشن کمیشن کا انتخابات میں تاخیر کی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف پیمرا سے رجوع کا فیصلہ

بدھ 29 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں تاخیر سے متعلق جھوٹی خبر پھیلانے والوں کے خلاف پیمرا سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق میڈیا کے حلقوں میں انتخابات میں تاخیر کی خبریں بالکل بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں، الیکشن کمیشن ان کی پرزور تردید کرتا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی فہرستوں کی تیاری نہ ہونے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، ایسی جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف پیمرا سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ ایسے لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے مختلف چینلز پر چلنے والی خبروں کے ٹرانسکرپٹ اور ریکارڈنگز منگوا لی ہیں۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے لیے 8 فروری کی تاریخ کا اعلان کیا ہے جس کے بعد ملک میں سیاسی گہما گہمی شروع ہو گئی ہے، مگر کچھ تجزیہ کار اب بھی اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ 8 فروری کو انتخابات ہوتے دکھائی نہیں دے رہے۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ بھی اس حوالے سے واضح کر چکے ہیں کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کی بھرپور تیاریاں کر رہا ہے اور 8  فروری کو عام انتخابات کے بعد حکومت منتخب نمائندوں کو منتقل کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ شہباز شریف کی اتحادی حکومت نے اپنے آخری ایام میں نئی مردم شماری کی منظوری دی تھی جس کے بعد آئینی طور پر نئی حلقہ بندیاں کرنا ضروری ہو گیا تھا۔ اور اسی وجہ سے 30 روز کے اندر انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا۔

اب سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی کہہ دیا ہے کہ 8 فروری کو انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے مگر بھی کچھ تجزیہ کاروں کی جانب سے انتخابات میں مزید تاخیر کے خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp