ہمیں مل کر بلاول کو عوام کا لیڈر بنانا ہے، آصف زرداری

جمعرات 30 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلاول نے کم عمر ترین وزیر خارجہ بن کر ملک کا پرچم بلند کیا ہے، آج لوگ بلاول کو اس کے نانا، والدہ اور والد کی نسبت سے نہیں بلکہ اس کی اپنی شناخت سے جانتے ہیں۔

کوئٹہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 56ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ ہمیں مل کر بلاول بھٹو کو سپورٹ کرنا چاہیے، وہ اور آصفہ بھٹو انہیں سپورٹ کرتے ہیں، پاکستان اور بلوچستان کے لوگوں کو بھی چاہیے کہ بلاول کی سپورٹ کریں، ہمیں مل کر بلاول بھٹو زرداری کو عوام کا لیڈر بنانا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان میں ہر خوبی ہے اور بلوچستان پاکستان کا دل ہے مگر افسوس اسلام آباد کو پاکستان کا یہ دل نظر نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس دل کو جیتنے کی ہمیشہ سے جدوجہد کرتی رہی ہے، بلوچستان کی دھرتی کے نیچے غم اور دکھ پھیلا ہوا ہے جس پر ہم نے مرہم رکھنا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے بلوچستان کے لوگوں کو انکی دھرتی کا مالک بنانا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان ایکسپورٹ کنٹری تب بنے گا جب بلوچستان میں پانی ہو گا، ہم نے ہمیشہ بلوچستان کے کسانوں اورمزدوروں کی خدمت کی ہے، پاکستانی قوم کا کوئی بھی فرد کمزور نہیں ہے، پاکستان کو آگے لے جانے والے لیڈرز کو پیچھے کھینچنے والی بہت سے طاقتیں ہوتی ہیں لیکن ہم ان طاقتوں سے نہیں ڈرتے۔

انہوں نے کہا مجھے پاکستان کی عوام اور پیپلزپارٹی کے جیالوں پر ناز ہے، میں نے پاکستان اور آنے والے مستقبل کے لیے خواب دیکھے ہیں، ہم نے اپنی مڈل کلاس کو امیر اور بچوں کا مستقبل بہتر بنانے کا خواب دیکھا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp