بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل آج رائے پور کے ویر نارائن سنگھ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، یہ میچ شروع ہونے میں چند گھنٹے باقی ہیں لیکن اسٹیڈیم کے بعض حصوں میں بجلی نہیں ہے۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ بجلی کے بل کی عدم ادائیگی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ویر نارائن سنگھ انٹرنیشنل اسٹیڈیم کی انتظامیہ نے 2009 سے بجلی کا بل ادا نہیں کیا اور اسٹیڈیم کے ذمہ 3.16 کروڑ روپے کا بجلی کا بل بقایا ہے، بل ادا نہ کرنے پر اسٹیڈیم میں بجلی کا کنکشن 5 سال قبل کاٹ دیا گیا تھا۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کے لیے چھتیس گڑھ اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی درخواست پر ایک عارضی کنکشن لگایا گیا ہے لیکن یہ صرف تماشائیوں کی گیلری کا احاطہ کرتا ہے، آج کے میچ کے دوران فلڈ لائٹس جلانے کے لیے جنریٹر چلانے کی ضرورت پڑے گی۔
رائے پور رورل سرکل کے انچارج اشوک کھنڈیلوال کے مطابق سیکریٹری کرکٹ ایسوسی ایشن نے اسٹیڈیم کے عارضی کنکشن کی گنجائش بڑھانے کے لیے درخواست دی ہے، عارضی کنکشن کی گنجائش 200 KV ہے، اسے 1000KV تک اپ گریڈ کرنے کی درخواست منظور ہو چکی ہے لیکن ابھی تک اس پر کام شروع نہیں ہوا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ میں 2018 اس وقت ہنگامہ برپا ہوا جب ہاف میراتھن میں حصہ لینے والے ایتھلیٹس نے محسوس کیا کہ اسٹیڈیم میں بجلی نہیں ہے، ایتھلیٹس کے توجہ دلانے پر بتایا گیا کہ اسٹیڈیم کا بجلی کا بل 2009 سے ادا نہیں کیا گیا تھا اور3.16 کروڑ بھارتی روپے ہوگیا تھا۔
اسٹیڈیم کی تعمیر کے بعد اس کی دیکھ بھال کا کام محکمہ تعمیرات عامہ (PWD) کے حوالے کر دیا گیا جبکہ باقی اخراجات محکمہ کھیل کو برداشت کرنا تھے، دونوں محکمے بجلی کا بل ادا نہ کرنے کا الزام ایک دوسرے پر لگا رہے ہیں۔
بجلی کمپنی نے پی ڈبلیو ڈی اور محکمہ کھیل کو واجبات کی منظوری کے لیے متعدد نوٹس بھیجے، تاہم ابھی تک کوئی ادائیگی نہیں کی گئی، 2018 میں بجلی کا کنکشن منقطع ہونے کے بعد بھی اسٹیڈیم میں 3بین الاقوامی کرکٹ میچز کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔
چھتیس گڑھ اسٹیٹ کرکٹ سنگھ کے میڈیا کوآرڈینیٹر ترونیش سنگھ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ بین الاقوامی میچوں کی میزبانی کے بارے میں خدشات کا شکار ہیں کیونکہ وہاں کوئی مسئلہ ہوسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ بڑے میچوں کے لیے وہ متبادل انتظام کے طور پر جنریٹرز کا استعمال کرتے ہیں۔