پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات: بیرسٹر گوہر علی خان نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے

جمعہ 1 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹراپارٹی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولی کے عمل کا آغاز ہو گیا اور چیئرمین کے عہدے کے لیے بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنے کاغذات جمع کرادیے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بانی چیئرمین عمران خان کے نامزد کردہ امیدوار برائے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیےہیں۔ کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر سردار مصروف خان ایڈووکیٹ نے وصول کیے۔

سینیئر مرکزی رہنما احمد اویس بیرسٹر گوہر علی خان کے تجویز کنندہ ہیں۔ مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن چیئرمین کے انتخاب کے لیے بیرسٹر گوہر علی خان کے تائید کنندہ ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر تحریک انصاف نیاز اللہ نیازی ایڈووکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

عمران خان جمہوریت کے سب سے بڑے علمبردار ہیں، پی ٹی آئی

پی ٹی آئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد پی ٹی آئی کی جمہوریت سے گہری وابستگی اور قانون کی حکمرانی پر غیر متزلزل یقین کی واضح علامت ہے۔

ملکی سیاست میں جمہوریت کے سب سے بڑے علمبردار عمران خان ہیں۔ پارٹی میں جمہوری اقدار کو متعارف اور مستحکم کرنے کے حوالے سے جتنی کوششیں بانی چئیرمین تحریک انصاف کے کریڈٹ پر ہیں دیگر جماعتوں میں ان کا عشرِ‌ عشیر بھی نظر نہیں آتا۔

‘پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے متعدد بار پارٹی الیکشن کرائے’

تحریک انصاف ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے صحیح معنوں میں انٹرا پارٹی انتخابات متعدد بار کرائے۔

تحریک انصاف نے گزشتہ سال بھی قانون کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات منعقد کروائے تھے اور قانون کے احترام کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے  تحریک انصاف الیکشن کمیشن کے غیر قانونی فیصلے کے باوجود اس بار بھی انٹرا پارٹی الیکشن منعقد کر رہی ہے۔

چیئیرمین تحریک انصاف نے موروثی سیاست کو دفن کرتے ہوئے پارٹی کے ایک محنتی، وفا شعار اور قابل کارکن کو بطور چئیرمین نامزد کر کے جمہوریت پسندی کی ایک انمول نظیر قائم کی ہے۔ تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخاب کے انعقاد کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر چکی ہے۔

’پی ٹی آئی کے خلاف تمام سازشیں ناکام ہوجائیں گی‘

پارٹی کو سازش اور ظلم سے سیاست و انتخابی عمل سے باہر کرنے کے خواہاں عناصر نے ایک مرتبہ پھر انٹرا پارٹی انتخاب کے خلاف اپنے مہروں اور ایجنٹوں کو چابی دے کر میدان میں اتارا ہے لیکن پہلے کی طرح یہ سازشیں بھی ناکام ہوں گی اور تحریک انصاف آئین، قانون اور جمہوری اقدار کی حدود میں رہتے ہوئے اپنی  منزل کی جانب بڑھے گی۔

پریس رلیز میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی دہائیوں سے ملکی سیاست پر قابض سیاسی جماعتوں کے برعکس قانون کے مطابق ایک بار پھر انٹرا پارٹی انتخابات کے ذریعے جمہوریت کی بقا و ترقی اور قانون کی حکمرانی سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کو ثابت کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp