پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات، امیدواروں کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا امکان

ہفتہ 2 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے جس میں پارٹی ووٹرز آن لائن ایپلی کیشن کے ذریعہ پارٹی قیادت کا چناؤ کریں گے۔

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے موٹر وے ٹول پلازہ پشاور کے قریب پولنگ سینٹر قائم کردیا گیا ہے، جہاں پریزائڈنگ آفیسر خیبرپختونخوا علی زمان سینٹر پہنچ گئے، جہاں سے انٹرا پارٹی انتخابات کی مانیٹرنگ ہوگی۔

ذرائے کے مطابق پارٹی ووٹرز ایپ کے ذریعے ووٹ ڈال سکتے ہیں، انٹرا پارٹی انتخابات کے نتائج کا اعلان بھی رانڑو گڑھی سنٹر سے ہوگا، انٹرا پارٹی انتخابات کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی سنٹر پہنچ کر نتائج کا اعلان کرینگے۔

انٹرا پارٹی انتخابات میں پارٹی چئیرمین کیلئے بیرسٹر گوہر خان، صوبائی صدارت کے لیے علی امین گنڈا پور جبکہ پشاور ریجن کی صدارت کے لیے عاطف خان امیدوار ہیں، پارٹی ذرائع کے مطابق موجودہ قیادت تمام امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب کرانے کے لیے کوشاں ہے۔

تحریک انصاف کی سربراہی قیادت کا کوئی امیدوار اس وقت گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر منظر عام پر نہیں، ذرائع کے مطابق اگر مقابلے میں ایک سے زائد امیدوار سامنے نہیں آتے تو بیشتر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوجائیں گے، اس حوالے سے صورتحال کچھ گھنٹوں میں واضح ہوجائے گی۔

ایس ایس پی پشاور ذوالفقار کاشف عباسی نے رات گئے مذکورہ پولنگ سینٹر کا دورہ کیا، ان کے مطابق پارٹی قیادت پولیس سے کسی قسم کا تعاون نہیں کر رہی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 23 نومبر کو پی ٹی آئی کے گزشتہ سال جون میں ہونے والے انٹرا پارٹی انتخابات کو ’انتہائی قابل اعتراض‘ قرار دیتے ہوئے کالعدم کردیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے سابق حکمران جماعت کو پارٹی کا انتخابی نشان کرکٹ بیٹ برقرار رکھنے کے لیے نئے انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کے لیے 20 دن کا وقت دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp