دنیا کے اندر پائے جانے والے سب سے عمر رسیدہ زندہ جانور جوناتھن نامی کچھوے نے جنوب مغربی افریقہ کے قریبی جزیرے سینٹ ہیلینا پر اپنی 191 ویں سالگرہ منائی، حیرت کی بات ہے کہ دُنیا میں موجودہ دور میں سب سے زیادہ عمر پانے والا یہ کچھوا اب بھی توانا اور صحت مند دکھائی دیتا ہے۔
مزید پڑھیں
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اعلان کیا ہے کہ جوناتھن کی صحیح عمر تو معلوم نہیں ہے، لیکن کہا جاتا ہے کہ یہ معمر ترین کچھوا 5 مئی 1821 کو فرانسیسی بادشاہ نپولین بوناپارٹ کی وفات کے بعد منظر عام پر آیا۔ جب اسے 1882 میں سیشیلز سے سینٹ ہیلینا جزیرے پر لایا گیا تو اس وقت بھی اس کی عمر لگ بھگ 50 سال کے قریب تھی۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے سابقہ ریکارڈ سے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جب اس کچھوے کو سیشیلز سے سینٹ ہیلینا جزیرے پر لایا گیا تو اس وقت اس کچھوے کی عمر کم از کم 50 سال تھی، اس سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس کچھوے کی عمر کم از کم 191 سال یا ممکنہ طور پر اس سے بھی کئی زیادہ ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق اس وقت جوناتھن دنیا کا سب سے عمر رسیدہ زندہ زمینی جانور ہونے کا ریکارڈ اپنے نام کر چکا ہے۔ جوناتھن سیشیلز نسل کا ایک دیوہیکل کچھوا ہے ، ایک ایسی قسم جس کی اوسط عمر تقریباً 150 سال ہوتی ہے۔
جانوروں کے ڈاکٹر جو ہولنز نے بتایا کہ سونگھنے کی حس کھونے اور موتیا سے نابینا ہونے کے باوجود جوناتھن کی بھوک برقرار ہے اور وہ باقاعدہ اچھی خوراک لیتا ہے۔
ڈاکٹر جوہولنز کا کہنا ہے کہ جوناتھن کو اب بھی ہفتے میں ایک بار ایک ٹیم کی طرف سے پھلوں اور سبزیوں پر مشتمل خوراک ہاتھ سے کھلائی جا رہی ہے۔ یہ خوراک نہ صرف اس کی کیلوریز کو پورا کرتی ہے بلکہ اس کے میٹابولزم کے لیے ضروری وٹامنز اور معدنیات بھی فراہم کرتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جوناتھن سینٹ ہیلینا کے گورنر کی رہائش گاہ پلانٹیشن ہاؤس میں 141 سال سےرہ رہا ہے اور ان کی ایک مادہ ہمسفر بھی ہے جس کی عمر 50 سال سے زیادہ ہے۔