فلپائن میں 7.5 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

اتوار 3 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلپائن کے جزیرے منڈاناؤ میں گزشتہ شب 7.5 شدت کے زلزلے کے بعد فلپائن اور جاپان کے ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ زلزلے کے بعد جاپان کے بعض علاقوں اور فلپائن کے جنوب مغربی ساحلوں کو خالی کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جنوبی فلپائن کے علاقے منڈاناؤ میں ہفتے کی رات زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کے بعد لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ بھی جاری کردی گئی ہے۔

روئٹرز کے مطابق ہفتے کی شب آنے والے زلزلے کے بعد جاپان کے بعض علاقوں اور فلپائن کے جنوب مغربی ساحلوں کو خالی کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ زلزلے کے مرکز کے قریب واقع ساحلی قصبے ہیناتوان کی مقامی پولیس چیف رے مارک گینٹالن نے کہا کہ زلزلہ آنے کے بعد سے بجلی منقطع ہو گئی ہے لیکن ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں نے ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں دی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق، گزشتہ ماہ کے اوائل میں، جنوبی فلپائن میں 6.7 شدت کے زلزلے سے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ 17 نومبر کو آنے والے زلزلے میں سارنگانی، جنوبی کوٹاباٹو اور داواؤ اوکسیڈینٹل کے صوبوں میں 13 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی 50 سے زائد مکانات اور عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp