ٹک ٹاک نے 18 سال سے کم عمر صارفین کے لئے اسکرین ٹائم ایک روز میں 60 منٹ تک محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ٹک ٹاک کے نئے فیصلے کے مطابق اگر کوئی نوجوان 60 منٹ کی حد تک پہنچ جائے، تو انہیں اس دن سروس کا مزید استعمال کرنے کے لیے پاس کوڈ درج کرنا ہوگا۔ ٹک ٹاک حکام کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کا نفاذ آنے والے ہفتوں میں ہوگا۔ اس کا مقصد لوگوں بالخصوص ٹین ایجرز کو ٹک ٹاک کے استعمال پر قابو کا اختیار دینا ہے۔
تبدیلیاں لاگو ہوتے ہی متاثرہ صارفین کو ان کی ایپ میں ایک اسکرین پر اپنا نیا ٹائم لمٹ پاس کوڈ موصول ہو جائے گا۔
کوئی بھی نوجوان جو 60 منٹ کی حد پوری کرتا ہے، اور روزانہ 100 منٹ تک ایپ کو استعمال کرتا ہے، اسے ٹک ٹاک کی جانب سے اپنا اسکرین ٹائم کنٹرول سیٹ کرنے کا اشارہ ملے گا۔
ایپ پر فیملی پیئرنگ کا آپشن استعمال کرنے والے بچوں کے والدین بھی اسکرین ٹائم کی حد مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ڈیش بورڈ تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ اس
طرح کے اقدامات کے نتیجے میں ایپ کے استعمال میں کمی آئے گی۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا مارکیٹرز اور مشتہرین 34 سال سے کم عمر کے لوگوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر دیکھتے ہیں۔
ستمبر 2021 میں ٹک ٹاک نے کہا کہ اس کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد ایک ارب سے بڑھ گئی ہے ۔اس طرح وہ دنیا کی سب سے بڑی سوشل سائٹس میں شامل ہوگئی ہے ۔