گوہر خان کے انتخاب پر خواجہ آصف کا طنز، ’ایکس‘ پر بحث چھڑ گئی

اتوار 3 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما خواجہ آصف نے بیرسٹر گوہر خان کو پی ٹی آئی کا چیئرمین بنانے پر عمران خان پر طنز کیا ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر انہوں نے بیرسٹر گوہر علی خان کا ایک پوسٹر شیئر کیا جس میں واضح درج ہے کہ وہ تیر کے انتخابی نشان پر این اے 28 بونیر سے ماضی میں الیکشن میں حصہ لے چکے ہیں۔

خواجہ آصف نے لکھا کہ بیرسٹر گوہر 2022 میں پی ٹی آئی میں آئے اور آصف زرداری کا تراشا ہوا ہیرا عمران خان کو اتنا پسند آیا کہ انہوں نے اپنے پرانے ساتھیوں پر اعتماد کرنے کے بجائے پارٹی ایک نئے شخص کے حوالے کر دی۔

انہوں نے کہاکہ جس نے ساری عمر دوسروں کو دھوکے دیے ہوں اس کے لیے دوسروں پر اعتبار کرنا مشکل ہو جاتا ہے، ’بہر حال پی ٹی آئی کارکنوں کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے‘۔

خواجہ آصف نے جونہی اس تحریر کے ساتھ بیرسٹر گوہر کا پرانا پوسٹر شیئر کیا تو ’ایکس‘ پر گرما گرم بحث کا آغاز ہو گیا۔

ایک ’ایکس‘ صارف خالد یوسف چوہدری نے لکھا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت اپنے کارکنان کو آگے لاتی ہے، عمران خان کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ اس نے ایک مخلص کارکن کو آگے لایا۔

آزاد رینج کے نام سے بنے ایک پیج سے نواز شریف کا پرانا پوسٹر شیئر کیا گیا جس میں وہ حلقہ 95 سے قومی اسمبلی کے امیدوار ہیں اور انتخابی نشان سائیکل ہے۔ ’صارف نے لکھا جب میاں صاحب باقاعدہ سائیکل ہوا کرتے تھے‘۔

آسیہ فضل نے رانا ثنااللہ کا پوسٹر شیئر کر دیا جس میں وہ حلقہ پی پی 59 سے تیر کے نشان پر امیدوار ہیں۔

عمیر خان نامی صارف نے خواجہ آصف کی 2018 کی ایک فوٹو شیئر کی جب انتخابی مہم کے جلسے کے دوران ان کے چہرے پر سیاہی پھینکی گئی تھی۔

عمیر گوندل نے خواجہ آصف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ بیشک گوہر خان 2023 میں بھی شامل ہوئے ہوں مگر عمران خان کا فیصلہ سر آنکھوں پر ہے۔

صارفین کی جانب سے خواجہ آصف کے بیان پر تبصروں کا سلسلہ جاری ہے، کوئی ان کی حمایت کر رہا ہے تو کسی کی جانب سے عمران خان کے فیصلے کا دفاع کیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp