صوبہ سندھ بھر میں اتوار کو ’یوم سندھ ثقافت ‘ جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا جس میں تمام سیاسی و سماجی رہنماؤں نے سندھ کے عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔
یوم سندھ ثقافت صوبہ سندھ میں ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو روایتی جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔ جسے ایکتا دن یعنی یکجہتی کا دن بھی کہا جاتا ہے۔
یوم سندھ ثقافت کے دن صوبے بھر میں لوگ سندھی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہوئے سندھی ٹوپی، اجرک اورثقافتی لباس زیب تن کرتے ہیں۔
مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے کراچی سمیت کئی شہروں میں ریلیاں نکالی جاتی ہیں، کئی تقاریب منعقد ہوتی ہیں۔ یہ یوم ثقافت عام طور پر ہفتہ وار تعطیل کو منایا جاتا ہے اور اس دن سندھ میں جشن کا سما ں ہوتا ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کا ’یوم سندھ ثقافت‘ پر پیغام
نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے ’یوم سندھ ثقافت‘ پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں بسنے والے سندھیوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔
اتوار کو وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں نگراں وزیراعلیٰ مقبول باقر نے کہا کہ سندھ کی ثقافت مہذب تہذیب اور روایات کی امین ہے اور سندھ صوفی ازم کی دھرتی ہے، جہاں حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی، لعل شہباز قلندر، سچل سرمست، عبداللہ شاہ غازی جیسے عظیم صوفیا کرام کا سایہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اجرک کے رنگوں کی طرح سندھ کی ثقافت بھی دلکش امتزاج کی حامل ہے۔ آج کا دن نسل پرستی، انتہا پسندی اور ہر قسم کی تفریق کے خلاف محبت کا درس دیتا ہے۔
سندھی ثقافت امن، محبت، روایات اور یکجہتی کی ثقافت ہے، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ
چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نےسندھی کلچر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ ثقافت کسی بھی ملک یا قوم کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ثقافتی اقدار کی اہمیت کو سمجھنا اور انہیں احترام کی نظر سے دیکھنا معاشروں کی ترقی و خوشحالی کا باعث بنتا ہے۔
اتوار کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ثقافت کا اپنا رنگ ہے اور اس کے طور طریقوں میں محبت و احترام، انکساری اور رواداری کا درس ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دن کی مناسبت سے میں اپنے سندھی بہن ،بھائیوں کو مبارکباد دیتا ہوں، میرے لیے یہ بات انتہائی مسرت کا باعث ہے کہ اس وقت پورے ملک سمیت دنیا بھر میں سندھی کلچر ڈے جوش وخروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے سندھی کلچر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں سندھی بہن بھائیوں کو مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھی ثقافت امن،محبت، روایات اور یکجہتی کی ثقافت ہے اور اس دن کو ملک بھر میں شایان شان طریقے سے منایا جاتا ہے۔
اجرک، عزت، وقار اور توقیر کی نشانی ہے، شہباز شریف
ادھر سابق وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’آج سندھ کا ثقافتی دن ہے! یہ دن ہمیں سندھ کی خوبصورتی، روایات اور ثقافت کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
آج سندھ کا ثقافتی دن ہے! یہ دن ہمیں سندھ کی خوبصورتی، روایات اور ثقافت کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اجرک، عزت، وقار اور توقیر کی نشانی ہے، جو سندھی لوگوں کی پہچان بنی ہوئی ہے۔ صوفیوں کی سرزمین سندھ، جہاں امن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا گیا۔ اس خصوصی دن پر…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) December 3, 2023
اجرک، عزت، وقار اور توقیر کی نشانی ہے، جو سندھی لوگوں کی پہچان بنی ہوئی ہے۔ صوفیوں کی سرزمین سندھ، جہاں امن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا گیا۔ اس خصوصی دن پر میں اپنے سندھی بھائیوں اور بہنوں کو دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
سندھ کا تنوع اس کی کمزوری نہیں طاقت ہے، نگراں وفاقی وزیر اطلاعات
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے سندھ کلچرل ڈے کے موقع پر پاکستان بالخصوص سندھ کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ صدیوں سے کثیر اللسانی، کثیر المذہبی اور کثیر النسلی اکائی رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ ایک ایسا خطہ ہے جس نے دنیا کے مختلف خطوں سے آئے ہوئے مختلف مذاہب اور نسلوں کے لوگوں کو یکجا کیا، سندھ کا تنوع اس کی کمزوری نہیں بلکہ طاقت ہے۔
اتوار کو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں سندھی خواتین کی تنظیم ’سورمیو‘ کے زیر اہتمام سندھ کلچرل ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سندھ کلچرل ڈے سندھی خواتین کی تنظیم ’سورمیو‘ کی اس تقریب کے ساتھ جڑ گیا ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سندھ کی ثقافت کے اندر عاجزی اور لچک فولاد کی طرح موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے کلام میں 7 سُر ’ماروی، مومل، سوہنی، سسی، نوری، سورٹھ رائے ڈائچ، لیلا‘ خواتین کے ناموں پر ہیں۔
شاہ عبدالطیف بھٹائی سے لے کر شیخ ایاز تک سندھ کے کلاسیکی اور جدید شعراءنے خواتین بالخصوص سندھی خواتین کے کردار کو اجاگر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رحم دلی اور معافی کا جذبہ مردوں کی نسبت خواتین میں زیادہ دیکھا گیا ہے، خواتین میں برداشت اور تفصیل پسندی زیادہ ہوتی ہے۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر سندھی کلچرل ڈے کے موقع پر تمام پاکستانیوں اور سندھ کے عوام کو سندھی زبان میں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے سندھی ثقافت کی شاندار تقریب کے انعقاد پر سورمیو تنظیم کو بھی مبارکباد پیش کی۔