نوشہرہ پولیس نے معمولی تکرار پر مبینہ طور پر فائرنگ کرکے ماں اور بھائی کو قتل کرنے کے الزام میں ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔
نوشہرہ پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ نظام پور حدود میں پیش آیا جہاں تکرار پر بیٹے نے اپنی ماں اور 11 ماہ کے بھائی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا، ملزم صبیح اللہ مبینہ طور پر قتل کے بعد فرار ہو گیا تھا۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ مقتولہ کی بیٹی کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں مقتولہ کی بیٹی نے اپنے بھائی صبیح اللہ کو نامزد کیا تھا۔ مدعی کے مطابق اس کے بھائی نے فائرنگ کرکے ماں اور چھوٹے بھائی کو قتل کیا تھا۔
’ہم گھر پر تھے کہ میرے بھائی اور ماں کے درمیان زبانی تکرار شروع ہو گئی، تکرار کے دوران غصہ میں آکر میرے بھائی نے فائرنگ کرکے والدہ اور 11 ماہ کے بھائی کو ہلاک کردیا۔‘
پولیس نے بتایا کہ واقعہ کے بعد ملزم فرار ہوگیا تھا، جس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے جبکہ ملزم کے قریبی ساتھیوں کو بھی شامل تفتیش کرتے ہوئے ان سے حاصل کردہ معلومات کی بنا پر ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزم کی شناخت صبیح اللہ عرف سہیل خان کے نام سے کی ہے، جس نے ابتدائی بیان میں سگی ماں اور بھائی کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم معمول کے مطابق گھر پر تھا کہ ماں کے ساتھ زبانی تکرار شروع ہو گئی جس کے بعد اس نے غصے میں آکر مبینہ طور پر اپنی ماں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ماں کے ساتھ چھوٹا بھائی بھی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔