الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) نے ملک بھر میں شفاف اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے حکومت سے 2 لاکھ 558 سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی دور کرنے کی درخواست کی ہے۔ ملک بھر میں آئندہ ایک ساتھ عام انتخابات کے لیے کل 5 لاکھ 91 ہزار106 سیکیورٹی اہلکار درکار ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق چاروں صوبوں کے آئی جیز کی جانب سے فراہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت انتخابی عمل کے پرامن انعقاد کے لیے دستیاب نفری 3 لاکھ 28 ہزار510 ہے جب کہ مطلوبہ تعداد پوری کرنے کے لیے مزید 2 لاکھ 77 ہزار 558 سکیورٹی اہلکاردرکار ہوں گے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکریٹری داخلہ کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ملک بھر میں ایک ساتھ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے مزید اضافی 2 لاکھ 77 ہزار 558 سیکیورٹی اہلکارفراہم کرنا ہوں گے۔
مزید پڑھیں
مراسلے میں نگراں حکومت کو لکھا گیا ہے کہ عام انتخابات کے لیے پولنک اسٹیشنز پر پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے انتظامات کیے جائیں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی سے متعلق الیکشن کمیشن کو 7 دسمبر تک آگاہ کیا جائے۔
مراسلے کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کے لیے اسلام آباد میں 9 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد کے لیے 4500 سیکیورٹی اہلکار دستیاب ہیں جب کہ مطلوبہ تعداد کی کمی کو پورا کرنے کے لیے مزید ساڑھے 4 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہو گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فرنٹیئر کور(ایف سی )، رینجرز، آزاد کشمیر (اے جے) کے پولیس کے 1500 ، 1500 اہلکار درکار ہیں۔
انتخابات کے لیے پنجاب میں 2 لاکھ 77 ہزار 610 اہلکاروں کی ضرورت ہے، جب کہ پنجاب میں اس وقت ایک لاکھ 8 ہزار 500 پولیس اہلکار دستیاب ہیں اس طرح پنجاب میں عام انتخابات میں سیکیورٹی انتظامات کے لیے درکار مطلوبہ تعداد سے ایک لاکھ 69 ہزار 110 اہلکاروں کی کمی ہے۔
خیبر پتخونخوا میں ایک لاکھ 49 ہزار 77 اہلکاروں کی ضرورت ہے جب کہ یہاں اس وقت 92 ہزار 360 اہلکار موجود ہیں، اس طرح یہاں مطلوبہ تعداد سے 56 ہزار 717 اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔
اسی طرح سندھ میں اس وقت ایک لاکھ 23 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے، جب کہ سندھ انتظامیہ کے پاس اس وقت محض ایک لاکھ 5 ہزار پولیس اہلکار موجود ہیں۔
اسی طرح بلوچستان میں اس وقت 31 ہزار 919 اہلکاروں کی ضرورت ہے جب کہ یہاں اس وقت 18 ہزار 150 اہلکار ہی دستیاب ہیں۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے نگراں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نام لکھے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ ملک میں انتخابی عمل کے دوران امن و امان کی صورت حال کو بہتر رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے اقدامات اٹھائے جانے ضروری ہیں۔