آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایک کوالٹی ٹیم ہے، اس لیے امید ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز اچھی رہے گی۔
منگل کے روز پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز کی جانب سے اس کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی، پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی اس تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے علاوہ پرائم منسٹر الیون کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : آسٹریلوی وزیراعظم کی پاکستان کرکٹ ٹیم کو وزیراعظم ہاؤس آنے کی دعوت
آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے دونوں ٹیموں کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پرائم منسٹر الیون اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے درمیان میچ اچھا ہوگا، انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز اچھی رہے گی کیوں کہ پاکستان ایک کوالٹی ٹیم ہے۔
پرائم منسٹر الیون کے خلاف میچ کھیلنے پر بہت خوشی ہے، شان مسعود
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پرائم منسٹر الیون کا میچ ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے جو 1951ء سے کھیلا جارہا ہے اور انہیں یہ میچ کھیلنے کی بہت خوشی ہے۔
شان مسعود نے کہا کہ پرائم منسٹر الیون ایک سخت حریف ہے اور پاکستان ٹیم نہ صرف اس میچ کے لیے بلکہ آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے چیلنج کے لیے بھی تیار اور ُپرجوش ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اور پرائم منسٹر الیون کے درمیان چار روزہ میچ بدھ کے روز سے کینبرا میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 14 دسمبر سے ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔