نئے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن تک بلے کا نشان استعمال نہ کرنے دیا جائے، اکبر ایس بابر کی الیکشن کمیشن کو درخواست

منگل 5 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رکن اکبر شیر بابر نے الیکشن کمیشن میں باضابطہ درخواست دائر کی ہے کہ کمیشن پی ٹی آئی کے نئے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم دے اور اس کے لیے ایک غیرجانبدار فریق مقرر کیا جائے جو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کی نگرانی کرے۔

چیف الیکشن کمشنر کے نام تین صفحات پر مشتمل درخواست میں اکبر ایس بابر نے استدعا کی کہ شفاف انٹرا پارٹی الیکشن کرانے تک انتخابی نشان’ بلا‘ استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے، پی ٹی آئی الیکشن محض دکھاوا اور فریب تھا، یہ الیکشن کمیشن کو دھوکا دینے کی ناکام کوشش تھی۔ اکبر ایس بابر نے درخواست کے ہمراہ ویڈیو فوٹیج اور دیگر شواہد بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرائے ہیں۔

انہوں نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ فراڈ انتخابی عمل نے پی ٹی آئی ارکان کو ووٹ دینے اور انتخاب میں حصہ لینے کے حق سے محروم کیا، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن ایکٹ 217 کے سیکشن 208 اور ذیلی شق 2 کی خلاف ورزی ہے۔

قواعد و ضوابط، کاغذات نامزدگی اور دیگر طریقہ کار کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا

اکبر ایس بابر نے اپنی درخواست میں لکھا کہ 30 نومبر2023 کو پی ٹی آئی کور کمیٹی کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں 2 دسمبر کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا اعلان کیا گیا، نیاز اللہ نیازی کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا، وفاقی سطح پر کمیشن کے کسی اور عہدیدار کا نام نہیں بتایا گیا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ الیکشن قواعد وضوابط، شیڈول، کاغذات نامزدگی کا وقت اور طریقہ کار کا نہیں بتایا گیا، کاغذات کی وصولی اور مسترد کرنے کی تاریخ، اپیلوں کی سماعت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا، 2 دسمبر تک انتخابات کے بارے میں کسی قسم کی معلومات پی ٹی آئی ویب سائٹ پر دستیاب نہیں تھیں۔

پی ٹی آئی نمائندے نے مطلوبہ معلومات فراہم نہں کیں

اکبر ایس بابر نے درخواست میں بتایا کہ وہ یکم دسمبر2023 کو 4 بجکر 45 منٹ پر پی ٹی آئی ارکان کے وفد کے ہمراہ مرکزی سیکریٹریٹ گئے تو پی ٹی آئی نمائندے نے مطلوبہ معلومات فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کی، یہ واقعہ قومی ٹی وی چینلز پر دکھایا گیا، اسی روز الیکڑانک میڈیا پر پی ٹی آئی عہدیداروں کے بلامقابلہ انتخاب کی خبریں نشر ہوئیں۔

اکبربابر نے پی ٹی آئی کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی خبر بھی درخواست کے ساتھ منسلک کی ہے اور کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ متقاضی ہے کہ ہر سطح پر عہدیداروں کا پارٹی آئین کے مطابق 5 سال کے لیے انتخاب ہو، قانون کے مطابق سیاسی جماعت کے ہر رکن کو یکساں انداز میں کسی بھی عہدے پر انتخاب لڑنے کی اجازت ہوگی۔

قانون کے مطابق ہر جماعت عہدیداروں کی تازہ فہرست جاری کرنے کی پابند ہے

درخواست میں کہا گیا کہ قانون کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کا الیکٹورل کالج ہوگا، انتخابی کالج وفاقی، صوبائی اور مقامی سطح پر پارٹی کی جنرل کونسل پر مشتمل ہوگا، قانون کے مطابق سیاسی جماعت مرکزی عہدیداروں اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کی تازہ ترین فہرست جاری کرنے کی پابند ہے اور اس میں کسی تبدیلی کے بارے میں الیکشن کمیشن کو آگاہ کیاجائے گا۔

اکبر ایس بابر نے اپنی درخواست میں کہا کہ وہ اب بھی پی ٹی آئی کے رکن ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور اسلام آباد ہائی کورٹ فیصلہ دے چکے ہیں، حقیقی جمہوری جماعت بنانے اورنظریاتی رکن کے طور پر وہ پی ٹی آئی کو اپنی زندگی کے بہترین سالہا سال دے چکے ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ انصاف کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجوع کرنے کے سوا کوئی اور چارہ نہیں، سیاسی جماعتیں مستقبل کی سیاسی قیادت کی نرسریاں ہوتی ہیں، الیکشن ایکٹ2017 اور انتخابی قواعد قانونی فریم ورک کا تقاضا ہے کہ جمہوری انتخابی عمل سے سیاسی جماعتوں میں قیادت منتخب ہو۔

اکبر ایس بابر نے اپنی درخواست میں الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ سیاسی جماعتوں میں جعلی انٹراپارٹی الیکشن کے عمل کو ختم کیا جائے، تمام بڑی سیاسی جماعتوں کو انتخابی قوانین اور ضابطوں کا پابند بنایاجائے، معاشرے اور ملک کو درپیش مسائل سے نکلنے کا یہی ایک واحد طریقہ ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 23 نومبر2023 کو20 دن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر 2 دسمبر کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد پشاور میں موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب پولنگ سینٹر پر ہوا، جہاں موجود الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے بتایا کہ پارٹی ووٹرز نے آن لائن ایپ کے ذریعے انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لیا جبکہ اس سینٹر سے انتخابات کی مانیٹرنگ کی گئی۔ انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا تھا کہ خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر سے تعلق رکھنے والے قانون دان گوہر خان کے پاکستان تحریک انصاف کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp