2024 کا الیکشن پاکستان کی منزل کا تعین کرے گا، احسن اقبال

منگل 5 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2024 کا الیکشن پاکستان کی منزل کا تعین کرے گا، ملکی مستقبل کو محفوظ کرنے کے لیے ایسی حکومت چاہیے جو معیشت کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ اس وقت 2013 سے 2018 تک والا ترقی کا دور حکومت چاہیے، ہمارے لیے اہم بات اہم ہے کہ 2047 میں پاکستان 100 سال پورے کرنے پر کہاں کھڑا ہو گا۔

سیکریٹری جنرل ن لیگ نے کہاکہ جب 100 سال کی ترقی کا جشن ہمارا ہمسایہ ملک منا رہا ہو تو خدانخواستہ ہم بربادی پر افسوس نہ کر رہے ہوں۔

احسن اقبال نے کہاکہ آپ نے دیکھا 2008 سے 2013 تک پیپلز کی حکومت رہی اور پھر 2013 سے 2018 تک مسلم لیگ ن اقتدار میں رہی، کارکردگی سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے پچھلے 16 ماہ کی حکومت میں پاکستان کو عدم استحکام سے بچایا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ایک منظم سازش کے ذریعے پاکستان کے نوجوان کو اداروں کے خلاف کیا۔ پہلے ملک کی پارلیمنٹ پر حملہ کروایا گیا پھر پاکستان کے دیگر اداروں کے خلاف بھی ملک کے نوجوان کو کھڑا کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ ماحول بنا کر پھر 9 مئی کو جناح ہاؤس پر حملہ کروایا گیا، عمران خان کی یہ بات غلط ہے کہ کوئی لندن پلان تھا، اصل میں یہ بنی گالا پلان تھا۔

احسن اقبال نے کہاکہ پی ٹی آئی نے پاکستان کے اداروں پر حملہ کرکے ریڈ لائن کو کراس کیا ہے۔ عمران خان ایک کنفیوز شخص ہے جس کو خود معلوم نہیں کیا کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ضروری ہے ایک منتخب حکومت 5 سال کے لیے آئے اور پاکستان کی ترقی کے لیے اصلاحات لائے اور یہ مسلم لیگ ن ہی کر سکتی ہے۔ ہم مہنگائی میں کمی لا سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp