6 دسمبر: جب تربیت یافتہ ہندو انتہا پسندوں نے بابری مسجد کو شہید کیا

بدھ 6 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تقریباً 480 سال پرانی بابری مسجد بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر ایودھیا میں واقع تھی جسے ہندو انتہا پسند تنظیموں وشو ہندو پریشد اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے تربیت یافتہ انتہا پسندوں نے پوری حکمت عملی اور پہلے سے پلان کیے گئےمنصوبے کے تحت آج کے روز یعنی 6 دسمبر 1992ء کو شہید کیا۔

ہندوؤں کا ماننا ہے کہ رام کی پیدائش ایودھیا شہر میں ہوئی تھی اور جس جگہ مغلوں نے بابری مسجد تعمیر کی تھی وہ دراصل ‘رام جنم بھومی’ ہے یعنی وہ مقام جہاں ہندوؤں کے بھگوان رام پیدا ہوئے۔ 1980ء کی دہائی میں ہندو انتہا پسند تنظیم وشو ہندو پریشد نے بی جے پی کے ذریعے اس جگہ پر رام کے نام کا مندر تعمیر کرانے کی مہم چلائی۔

اس مقصد کے لیے ہندو انتہا پسند تنظیموں راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس )، وشو ہندو پریشد اور بی جے پی کے کار سیوکوں (رضاکاروں) نے تقریباً ڈیڑھ لاکھ نفوس پر مشتمل ریلی نکالی جس نے پر تشدد رخ اختیار کیا اور بابری مسجد کے انہدام پر منتج ہوئی۔

اس واقعہ پر کی جانے والی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ بابری مسجد کی شہادت محض ہجوم کے اشتعال کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ اس کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی تھی اور مسجد کو گرانے کے لیے کارسیوکوں کو تربیت اور ضروری ہتھیار و سامان فراہم کیا گیا تھا۔


6 دسمبر 1988ء کو بینظیر بھٹو کی بھابھی ریحانہ بھٹو کو اپنے شوہر یعنی شاہنواز بھٹو کو مرنے سے بچنے کے لیے کوئی مدد نہ کرنے پر 2 سال قید کی سزا ملی ۔ شاہنواز بھٹو کے پوسٹ مارٹم سے یہ بات سامنے آئی کہ ان کی موت کی وجہ زہر بنا۔ بینظیر کا ماننا تھا ان کے بھائی کو جنرل ضیاء الحق کی ایما پر قتل کیا گیا اور ان کی بیوی کو اس بات کا علم تھا۔ دوسری جانب ان کی بیوی ریحانہ بھٹو کا کہنا تھا کہ شاہنواز نے خودکشی کی۔


1877ء میں آج کے روز تھامس ایڈیسن نے اپنی ایجاد کردہ فونوگراف پر آواز ریکارڈ کرنے کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ انسان کے ادا کردہ جن الفاظ کو پہلی بار کسی مشین نے ریکارڈ کیا، وہ تھامس ایڈیسن کی آواز میں “میری ہیڈ اے لٹل لیمب” نظم کے الفاظ تھے۔


آج کے دن سال 1884ء میں واشنگٹن یاد گارکی تعمیر مکمل ہوئی جو کہ اس وقت دنیا کی بلند ترین عمارت تھی۔


6 دسمبر 1971ء کو بھارت نے بنگلہ دیش کو بطور آزاد ریاست تسلیم کیا۔ اس کے بعد پاکستان نے بھارت سے سفارتی تعلقات منقطع کر لیےتھے۔


6 دسمبر 2000ء کو عزیز میاں قوال کا تہران میں انتقال ہوا۔


سال2009ء میں آج کے دن ہاکی کےکھلاڑی سہیل عباس نے ارجنٹائن کے خلاف میچ کے دوران اپنا 300 واں گول کیا۔7 دسمبر کو پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سہیل عباس کے لیے ایک لاکھ روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا تھا۔


آج کے روز سال 1980ء میں اکیڈمی آف لیٹرز کے چیئرمین کی طرف سے اردو فونٹ ’’نوری نستعلیق‘‘ ٹائپ کرنے کے الیکٹرانک طریقے کی ایجاد کا اعلان کیا گیا۔


آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp