کس قسم کے لوگ آپ کے دوست نہیں بننا چاہتے؟

ہفتہ 4 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 کیا کبھی زندگی میں ایسا ہوا ہے کہ آپ نے دوست بنانے کی کوشش کی ہو اور آپ اس میں ناکام ہوئے ہوں ؟ اگر ایسا ہوا ہے تو یقینا یہ آپ کے لیے ایک تکلیف دہ بات  ثابت ہوئی ہوگی ۔ لیکن کیا کبھی آپ نے یہ سوچا ہے کہ ایسی کیا وجوہات ہو سکتی ہیں جس کے سبب آپ کسی کو اپنا دوست بنانے میں ناکام ہوئے؟ یاد رکھیے کہ اسکول میں دوست بنانا جتنا آسان ہوتا ہے ، عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ کسی کو دوست بنانا اور برقرار رکھنا اتنا ہی مشکل ہو جاتا ہے۔

 اس تناظر میں اہم ترین سوال یہ ہے کہ  اگر آپ کسی کو اپنا دوست بنانا چاہیں لیکن وہ دوست بننے کو تیار نہ ہو ۔ ایسے میں  آپ کو کیسے پتہ چلے گا کہ کوئی آپ کا دوست  بننے کو تیار نہیں ، کیا اس حوالے سے کوئی اشارے ہوتے ہیں جنھیں سمجھنا ضروری ہوتا ہے۔ جی ہاں ! بعض لوگ کچھ خاص اشارے دیتے ہیں ،جنھیں جان کر سمجھ دار   فرد اس نتیجہ پر پہنچ جاتا ہے کہ وہ شخص دوست بننے کو تیار ہی نہیں ، جس کے پیچھے وہ پاگل ہوئے پھر رہا تھا ۔ سوال یہ ہے کہ آخر وہ کون سے اشارے اور نشانیاں  ہیں، آئیے ! جاننے کی کوشش کرتے ہیں:

رابطوں میں کمی

اگررابطوں کا فقدان ہو۔ آپ جتنا بات کرنے کی کوشش کریں دوسرا شخص محض دو چار لفظوں میں جواب دے اور بات چیت کو آگے بڑھانے کی کوشش نہیں کرے ۔ نہ ہی وہ آپ کے ساتھ کسی بحث و مباحثے میں حصہ لے ، ایسے میں سمجھ لیں کہ وہ آپ کا دوست بننے میں دلچسپی نہیں رکھتا ۔ اگر وہ خود سے رابطہ برقرار رکھنے کی کوشش نہیں کرتا اور بات چیت میں حصہ نہیں لیتا تو وہ شخص آپ کا دوست نہیں ہو سکتا ۔

انکاراور اجتناب کرتے رہنا

دوست وہ ہوتا ہے جو کچھ حد تک ہم مزاج ہو ،اگرآپ دوست کے ساتھ کہیں سیرو تفریح کے لیے جانا چاہتے ہیں تو امید کرتے ہیں کہ وہ انکارنہیں کرے گا ۔ کبھی کبھار انکار ہو تووہ قدرتی عنصر ہوتا ہے کیونکہ ظاہر ہے کبھی کسی کا موڈ نہیں ہوتا لیکن اگر ہر بار آپ کی فرمائش کو ٹھکرا دیا جائے اوربہانے تلاش کیے جائیں تو یہ اس بات کی علامت ہو سکتی ہے کہ وہ آپ کا دوست نہیں بننا چاہتا۔

جوش و خروش کی کمی

دوستوں سے ملتے وقت مسرت اور تسکین کا احساس ہونا چاہیے لیکن اگر ایک شخص آپ کےساتھ وقت گزارنے کے لیے مسلسل اجتناب برت رہا ہےاور ہمیشہ بنائے ہوئے پلان کو آخری منٹ میں منسوخ کر دیتاہے یا اگر وہ آپ سے ملے اور ملنے کے بعد آپ کا موڈ خراب رہے تو یہ آپ کی دوستی کےلیے موزوں نہیں ۔

مشورے دینے سے اجتناب

دوستوں سے امید کی جاتی ہے کہ وہ اچھی رائے اور بہترین مشورہ دیں گے لیکن اگر ایک شخص کبھی بھی آپ کو درست مشورہ نہیں دیتا یا کسی بھی چیز پر آپ کی اصلاح کرنے کی کوشش نہیں کرتا۔ پیٹھ پیچھے برائیاں اور سامنے تعریفوں کے پُل باندھتا ہے تو یہ ایک واضح نشانی ہے کہ وہ آپ کا دوست نہیں بننا چاہتا۔

تنقید

کچھ دوستوں کی عادت ہوتی ہے کہ وہ ہر چیز میں منفی  پہلو دیکھتے ہیں اور اسے سرِعام بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں اور مثبت پہلوئوں کو نہیں دیکھتے۔ اگر ایک شخص آپ کی رائےاور دلچسپی کی باتوں کو مسترد کرتا ہے، مسلسل آپ پر تنقید اور نیچا دکھانے کی کوشش کرتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ ہر گز آپ کا دوست نہیں بنناچاہتا۔

باہمی تعاون کی کمی

اچھائی اور بھلائی کےلیے ہمیشہ باہمی تعاون کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اگردوستوں کی جانب سےتعاون نہ کیا جائے آپ کی کوششوں کا کوئی جواب نہ دیا جائے ۔ آپ کی پسند اور ناپسند کو نظر انداز کر کے صرف اپنی ہی منوانے کی کوشش کی جائے۔ کسی بات پر سمجھوتا کرنے کو تیار نہ ہواور ضد پر اڑجائے تو یہ بھی دوست نہ بننے کی اہم ترین نشانی ہے۔

معلومات کے تبادلےسے انکار

اگرکوئی شخص آپ سے معلومات کے تبادلے کے لیے تیار نہیں ہے اور صرف اپنے بارے میں بات کرنا چاہتا ہےاور مسلسل ایسا ہی کرتا ہے آپ کی کامیابی پر خوش نہیں ہوتا، آپ کی خوشی کو اپنی خوشی نہ سمجھے تو اس کامطلب ہے کہ اس کے دل میں آپ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے تو ایسے دوستوں سے پرہیز ہی بہترہے۔ اس لئے ان کی طرف سے دوستی کا ہاتھ بڑھنے کا انتظار نہ کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp