ملک دشمن عناصر پاکستان کے ڈیفالٹ کرنے کی افواہیں پھیلا رہے ہیں ، اسحاق ڈار

جمعرات 2 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کے ڈیفالٹ کرنے کی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹوئٹر پر اپنی دو ٹویٹس میں کہا ہے کہ  ملک دشمن عناصر پاکستان کے ڈیفالٹ کرنے کی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ نہ صرف یہ مکمل طور پر جھوٹ ہیں بلکہ حقائق کے منافی بھی ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بنک آف پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں ، چار ہفتے قبل کے مقابلے میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ ہیں ، جب کہ ہم نے تمام غیر ملکی ادائیگیاں بھی بروقت کیں ۔

انھوں نے کہا کہ غیرملکی کمرشل بنک پاکستان میں سہولتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارے مذاکرات قریبا مکمل ہوچکے ہیں ، ہمیں توقع ہے کہ اگلے ہفتے آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہوجائے گا۔

انھوں نے کہا کہ تمام تر معاشی اشارے آہستہ آہستہ درست سمت کی طرف جارہے ہیں۔

ڈالر کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ

واضح رہے کہ آج جمعرات کی صبح ڈالر کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر امریکی ڈالر 18 روپے اضافے کے بعد 285 روپے کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

آج صبح کاروبار کے آغاز پر ہی ڈالر کی قدر میں ایک روپے 89 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد ایک ڈالر 268 روپے کا ہوگیا ، بعدازاں کاروبار کے دوران میں بھی ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہوتا رہا اور وہ مزید مہنگا ہوکر 285 روپے کا ہوگیا۔

یاد رہے کہ  گزشتہ روز ( بدھ ) روپے کے مقابلے میں ڈالر 4.61 پیسے مہنگا ہوکر 266.11 روپے پر بند ہواتھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp