کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب فرنیچر کی دکانوں میں آتشزدگی ہوئی ہے۔ آگ تیزی سے پھیلتی ہوئی 5 منزلہ عمارت کی بالائی منزلوں تک پہنچ گئی ہے جس کے نتیجے میں 3 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر آگ بیڈ میٹریس کی دکان میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ’دکانوں کے اوپر فلیٹس بنے ہوئے ہیں جہاں پر لوگوں کی رہائشگاہیں ہیں‘۔
کراچی میں عائشہ منزل کے مقام پر دکانوں میں آگ لگی جس نے تمام عمارت کو لپیٹ میں لے لیا رہائیشی عمارت میں لوگ محصور ہیں pic.twitter.com/TVazzgvh3m
— Sanam Jamali🇵🇰 (@sana_J2) December 6, 2023
فائربریگیڈ کی گاڑیاں آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔ ہنگامی طور پر مزید گاڑیوں کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
فائربریگیڈ حکام نے بتایا ہے کہ 12 فائر ٹینڈرز، 2 اسنارکل اور ایک باؤزر موقع پر موجود ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی۔
آگ سے جھلس کر جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جن کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی۔
آگ پر مکمل قابو پانے تک فائر بریگیڈ کو پانی کے ٹینکر دیں گے، سی ای او واٹر کارپوریشن
سی ای او واٹر کارپوریشن صلاح الدین احمد نے کہاکہ متاثرہ مقام پر متعدد ٹینکرز روانہ کر دیے گئے ہیں۔ انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر بریگیڈ حکام سے مکمل رابطے میں ہیں۔ آگ پر مکمل قابو پانے تک فائربریگیڈ کو پانی کے ٹینکر دیں گے۔
یہ تیسرے درجے کی آگ ہے، ڈائریکٹر ریسکیو 1122
اس کے علاوہ ڈائریکٹر ریسکیو 1122 سندھ عابد شیخ نے کہا ہے کہ متاثرہ عمارت کی 4 منزلوں پر رہائشی فلیٹ بنے ہوئے تھے۔ جبکہ گراؤنڈ فلور کمرشل مقاصد کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔
انہوں نے کہاکہ یہ آگ تیسرے درجے کی ہے جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔
جاں بحق ہونے والے 2 افراد کی شناخت
حکام کے مطابق آگ سے جھلس کر3 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوئے ہیں۔
میڈیکل ڈائریکٹرعباسی شہیداسپتال ڈاکٹرنادرخان کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے 2 افراد کی شناخت ہوگئی ہے جن میں 45 سالہ غلام رضا اور 35 سالہ نعمان بیگ شامل ہیں۔
سول اسپتال میں لایا گیا ایک زخمی 100 فیصد جھلسا ہوا ہے، ایم ایس
اِدھر ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر خالد بخاری نے کہا ہے کہ یہاں پر 2 زخمیوں کو لایا گیا ہے جن میں سے ایک 100 فیصد جھلسا ہوا ہے اور حالت انتہائی تشویشناک ہے، ابھی تک اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس، اہم ہدایات جاری
نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے عائشہ منزل کے قریب عمارت میں آگ لگنے کا نوٹس لے لیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایات دی ہیں کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر جائے وقوعہ پر پہنچ کر معاملے کی مانیٹرنگ کریں، آگ پر جلد سے جلد قابو پایا جائے تاکہ کوئی بڑا نقصان نہ ہو۔
گورنر سندھ نے بھی نوٹس لے لیا
دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے عائشہ منزل کے قریب لگنے والی آگ کا نوٹس لے لیا ہے۔
کامران ٹیسوری نے ہدایات دی ہیں کہ بلڈنگ کے اندر موجود افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔
فائر سیفٹی کے لیے جامع اقدامات کرنا ہوں گے، میئر کراچی
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب پر بھی موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کے عمل کا جائزہ لیا، ان کا کہنا تھا کہ فائر سیفٹی کے لیے جامع اقدامات کرنا ضروری ہیں۔
بلڈنگ کے چوکیدار نے ایک خاتون کو بحفظات نکال لیا
متاثرہ عمارت میں رہائش پذیر ایک خاتون الماس طلحہ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ بلڈنگ کے چوکیدار نے ہمیں بحفاظت نکال لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر جو بھی ہمارے ہاتھ آیا لے کر نکلے۔ اللہ کرے ہمارے گھر محفوظ رہیں۔
عمارت کے گرنے کا خدشہ ہے، ڈائریکٹر ریسکیو 1122
ریسکیو 1122 سندھ کے ڈائریکٹر عابد شیخ نے کہا کہ متاثرہ عمارت کا گراؤنڈ اور میز نائن فلور کمرشل مقاصد کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔ 4 منزلوں پر رہائشی فلیٹ تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں پر لگنے والی آگ تیسرے درجے کی ہے جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ عمارت کے کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ ہے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ٹیم بھی پہنچ گئی
دوسری جانب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ٹیم بھی متاثرہ جگہ پر پہنچ گئی ہے اور آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد عمارت کا جائزہ لیا جائے گا۔
آتشزدگی کے واقعات کا تسلسل تشویشناک ہے: حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ کے ہمراہ عرشی شاپنگ سینٹر کا دورہ کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں آتشزدگی کے واقعات کا تسلسل اور جانی و مالی نقصانات انتہائی تشویش ناک ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آتشزدگی کے واقعات کا تسلسل حکومت اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ سسٹم کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن کی جارہی ہے۔