وی ایکسکلوسیو: عمران خان کو الیکشن میں حصہ نہیں لینے دینا چاہیے، حنیف عباسی

جمعرات 7 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ میری دوستی تھی، انہوں نے 2002 میں میری الیکشن مہم چلائی، میرے ایک طرف قاضی صاحب اور دوسری طرف عمران خان کھڑے ہوتے تھے، 2011 کے جلسے سے پہلے تک میری عمران خان کے ساتھ دوستی رہی، اور پھر ایک وقت ایسا آیا کہ عمران خان نے میری جیل میں سادہ کپڑوں میں تصویر دیکھ کر مجھے اڈیالہ جیل سے اٹک جیل منتقل کر دیا، میں 11 ماہ 6 بائی 6 کے کمرے میں قید کاٹ کر آیا ہوں۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عمران خان کو حصہ لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، جو کچھ 9 مئی کو ہوا اس کے ماسٹر مائنڈ کو کبھی معاف نہیں کیا جا سکتا، 9 مئی کو جو ہوا وہ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں نہیں ہوا، فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے اور کور کمانڈر ہاؤس کو نشانہ بنایا گیا۔ اگر 9 مئی کے واقعات میں ملوث لوگوں کو معاف نہیں کیا جا رہا تو عمران خان کو بھی کسی صورت معاف نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ 2018 میں عام انتخابات سے چند دن قبل کہا گیا کہ چیف جسٹس حنیف عباسی کو الیکشن لڑتا نہیں دیکھنا چاہتے اس لیے مجھے سزا دے دی گئی، مجھے عدلیہ پر مکمل بھروسہ تھا اور یقین تھا کہ ایک دن باعزت بری ہو جاؤں گا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ سوشل میڈیا بھی ایک عجیب سی دنیا ہے، اس نے چوہدری شجاعت کو 10 دفعہ مار دیا ہے، ڈاکٹرعبدالقدیر خان کو موت سے پہلے 7 دفعہ مارا گیا، ہم لوگ خدمت کی سیاست کرتے ہیں، میرا مد مقابل شیخ رشید جھوٹا ہے اور میرے سے 3 الیکشن ہار چکا ہے، اس کو میں نے 60 سے 70 ہزار کے مارجن سے شکست دی۔

سینیئر لیگی رہنما نے کہا کہ شیخ رشید نے مجھ پر جھوٹا مقدمہ بنایا کہ میں نے اپنے ہاتھوں سے کسی شخص کو قتل کیا ہے، پھر دوسرا مقدمہ 9 سی کا کرایا گیا یعنی ادویات کو منشیات بنا دیا گیا، میں خربوزے کی ریڑھی تو نہیں لگاتا تھا، ایفی ڈرین سے کھانسی کی دوا بنتی ہے، اس سے نشے کی دوا نہیں بنتی، میں صبح عدالت جاتا تھا شام کو الیکشن کمپین کرتا تھا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ میں آج بھی شیخ رشید کے ساتھ کمیٹی چوک میں گریڈ ڈیبیٹ کے لیے تیار ہوں، ہم بڑی سنجیدگی کے ساتھ بتائیں گے کہ راولپنڈی کو ہم نے کیا دیا اور شیخ صاحب آپ نے کیا دیا، شیخ رشید کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے، شیخ رشید نے ہر جگہ میٹرو بس سروس کا مذاق اڑایا اور آج ایک لاکھ 60 ہزار سے زیادہ لوگ جن کا تعلق مڈل کلاس سے ہے اس میں سفر کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp