ہم گیٹ نمبر 4 کی طرف نہیں دیکھتے، بلاول بھٹو کا شانگلہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب

جمعرات 7 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں ٹک ٹاک اور گالم گلوچ کی سیاست نہیں آتی، اور نہ ہی گیٹ نمبر 4 کی طرف دیکھتے ہیں، ہم صرف اور صرف عوامی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ اس بار حکومت پیپلز پارٹی کی ہی ہوگی۔

شانگلہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شانگلہ کے لوگوں کا دل سے مشکور ہوں کہ انہوں نے والہانہ استقبال کیا۔ آج کھل کر کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے عوام کومشکلات کا سامنا ہے، معاشی حالات ابترہوتے جارہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انا کی سیاست  کرنے والے پرانے سیاستدان عوامی مسائل سے آگاہ ہی نہیں ہیں، ملک میں تقسیم کی سیاست عروج  پر ہے، سیاست کو اختلاف رائے کے بجائے ذاتی دشمنی تک پہنچا دیا گیا ہے۔ ایک طرف نفرت اور تقسیم  کی سیاست جاری ہے اور دوسری طرف معاشی بحران بد سے بدترہوتا جا رہا ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان آج بھی پرانی سیاست کر رہے ہیں، ہمیں گالم گلوچ اور گیٹ نمبر4 کی سیاست نہیں آتی، پیپلزپارٹی کا مقابلہ کسی اور سے نہیں غربت اور بے روزگاری سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ 19 سال کی عمر میں سیاست میں آیا تھا، میرے ہاتھ آج بھی صاف ہیں، کوئی سیاسی جماعت اور سیاست دان   نہیں جس کے ہاتھ صاف نہ ہوں۔ میرے ہاتھوں پر کرپشن کا داغ ہے نا کہ عوام کے خون کا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ روزگاردینا جرم ہے تو یہ جرم باربار کروں گا، وعدہ کرتا ہوں 5 سال میں تنخواہیں دگنی کریں گے، پیڈ انٹرنشپس دیں گے، سکل ورکرز کو مواقع فراہم کریں گے۔ ثابت کروں گا کہ کیسے ملک  اور عوام  کی قسمت تبدیل کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp