نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ملکی معیشت کو مزید بہتر کرنے کے لیے کاروباری طبقے کو بہترین ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔
جمعرات کو کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے تحت 25 بہترین کمپنیوں کو ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 60 ہزار کی حد عبور کرنے کو تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مزید اصلاحات کا پیش خیمہ ہے اور ہمیں اس شاندار کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ایوارڈ حاصل کرنے والی کمپنیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید ہے کہ مستقبل میں ان کمپنیوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کمپنیوں نے ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے اور بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اسے ڈیجیٹل انقلاب اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت نے اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور بجلی چوری کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے ہیں اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھی خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان ای سی او سمیت دیگر اہم فورم کا اہم شراکت دار ہے اوراس کے لیے افریقی ممالک، خطے اور اس سے باہر تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی منڈیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی خدمات اور مصنوعات تیار کریں اور کاروباری افراد بیرون ملک منڈیوں میں رسائی اور کامیابی کو اپنا ہدف بنائیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکس محصولات میں اضافہ سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی کا قیام اہم سنگ میل ہے اور اس سے بڑے پیمانے پر ملک میں سرمایہ کاری لانے میں مدد ملے گی۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ غیر ملکی اور ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری دوست ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہے گی۔ انہوں نے بڑی کمپنیوں پر فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر بھی زور دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ ہم ملکی معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
شمشاد اختر نے کہا کہ کاروبار سے منسلک تمام اداروں کے تعاون سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے کامیابی حاصل کی اور سنہ 2023 میں اسٹاک ایکسچینج کے کاروبار میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ اسٹاک ایکسچینج میں اصلاحات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کے مثبت نتائج آئے ہیں اور ملکی مفاد میں مشکل فیصلے کیے گئے ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے کاروبار میں بہتری کے لیے درآمدات پر سے پابندی اٹھائی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اسلامک فنانس کی شمولیت کے مثبت نتائج سامنے آئے اور اس کا شمار دنیا کے بہترین اسٹاک ایکسچینجز میں ہو رہا ہے اور اس سے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد مل رہی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے اسٹاک ایکسچینج کے تحت 25 بہترین کمپنیوں میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔ تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے بھی شرکت کی۔