الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن دوبارہ کروانے کی استدعا مسترد کردی

جمعہ 8 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن دوبارہ کرانے کی اکبر ایس بابر کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن دوبارہ کرانے کی اکبر ایس بابر کی درخواست کی سماعت چیف الیکشن کمیشن سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوئی۔ ‏الیکشن کمیشن نے درخواستوں کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے انٹرا پارٹی الیکشن کے معاملہ پر پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن میں آج مرکزی دارخوست گزار اکبر ایس بابر کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ اکبر ایس بابر کے وکیل علی حسن نے دلائل دیے کہ انٹرا پارٹی انتخابات کرانا لازمی ہے، پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات ہوئے لیکن انتخابات سے 2 روز قبل الیکشن کمیشن تشکیل دیا جاتا ہے، کوئی ووٹرز فہرست نہیں تشکیل دی جاتی اور 2 دن بعد انتخابات کرا دیے جاتے ہیں۔

یہاں سنجیدہ بات کریں، مذاق نہ کریں، ممبر الیکشن کمیشن

اس موقع پر ممبر خیبرپختوانخوا نے اکبر ایس بابر کے وکیل سے سوال کیا کہ پی ٹی آئی آئین کے آرٹیکل 5 میں کیا کہا گیا ہے جس پر وکیل نے بتایا کہ اس آرٹیکل کا مطلب ہے کہ بند کمرے میں الیکشن کردیں۔ ممبر خیبرپختوانخوا نے کہا یہاں سنجیدہ بات کریں، مذاق نہ کریں۔

دوران سماعت اکبر ایس بابر کے وکیل نے پی ٹی آئی کے نومنتخب اراکین کو معطل کرنے کی استدعا کی تو کمیشن نے ان سے استفسار کیا کہ آپ پی ٹی آئی آئین کو معطل کرنا چاہتے ہیں یا انٹرا پارٹی انتخابات کو۔

ممبر خیبرپختونخوا نے اسفتسار کیا کہ آپ کس حیثیت سے الیکشن لڑ رہے تھے، کیا آپ کی ممبر شپ ختم نہیں ہوچکی۔ وکیل نے جواب دیا کہ ممبر شپ نہیں ختم ہوئی، اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے۔

یاسمین راشد اور علی امین گنڈا پور نے کاغذ کیسے جمع کرائے؟

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف دوسرے درخواست گزار راجہ طاہر نواز کے وکیل عزیزالدین کاکا خیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ یہ کیسا انتخاب ہے جس میں نہ شیڈول ہے اور نہ ہی کاغذات نامزدگی جمع ہوئے، انٹرا پارٹی انتخابات میں یاسمین راشد جیل جبکہ علی امین گنڈاپور اشتہاری ہے تو انہوں نے کاغذ کیسے جمع کرائے۔

مزید پڑھیں

وکیل عزیزالدین نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کمیشن کو بتایا کہ اگر درخواست گزار کوئٹہ سے الیکشن کمیشن آسکتی ہے تو انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے یہاں بھی آسکتی ہے، آئین میں لکھا ہے کہ ہرشخص کو الیکشن میں حصہ لینا کا موقع ملنا چاہیے، پشاور میں نامعلوم جگہ پر الیکشن کی بات کی گئی۔

راجہ طاہر نواز کے وکیل نے کہا کہ جیل میں موجود لوگ اور فرار لوگ منتخب ہورہے ہیں، پورا طریقہ کار جعلی طریقے سے اختیار کیا گیا۔ وکیل عزیزالدین نے الیکن کمیشن سے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی۔

اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اکبر ایس بابر کے وکیل سے سوال کیا کہ کیا آپ نے پی ٹی آئی کو درخواست دی۔ وکیل علی حسن نے جواب دیا، ’نہیں، ہمارے پاس ویڈیو موجود ہے۔‘

4 ویڈیوز چلائی گئیں

چیف الیکشن کمشنر نے کمرہ عدالت میں ویڈیو چلانے کی ہدایت کی جس کے بعد الیکشن کمیشن میں اکبر ایس بابر کی پی ٹی آئی مرکزی سیکریٹریٹ میں ریکارڈ کی گئی ویڈیو چلائی گئی۔

وکیل حسن علی نے اکمیشن کو بتایا کہ وہ انتخابات میں حصہ لینے والے دفاتر گئے لیکن انہیں کچھ نہیں ملا۔ چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپ نے نامزدگی فارم حاصل کرنے کے لیے کیا کوشش کی۔

اکبر ایس بابر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم مرکزی دفتر گئے، ویڈیو ثبوت بھی جمع کیے، ہم نے تحریری شکایت نہیں کی لیکن خود وہاں گئے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ان سے کہا کہ آپ ویڈیو ثبوت دکھا دیں۔ چیف الیکشن کمشنر کے کہنے پر درخواست گزار اکبر ایس بابر کی جانب سے 4 ویڈیوز چلائی گئیں۔

ویڈیوز دیکھنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ ویڈیو میں کون سی جگہ دکھائی گئی ہے۔ وکیل نے انہیں بتایا کہ یہ پی ٹی آئی کا اسلام آباد کے سیکٹر جی ایٹ میں واقع مرکزی دفتر ہے، اگر الیکشن کمیشن ویڈیوز کا فارینزک کروانا چاہتی ہے تو کرسکتی ہے۔

اکبر ایس بابر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق انتخابات نہیں کروائے، جن لوگوں نے انٹرا پارٹی انتخابات کی ذمہ داری نہیں نبھائی دوبارہ ان کو اختیار دینا ٹھیک نہیں تھا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے  دوبارہ ایسے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی جس میں سب کو موقع ملے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے انتخاب کی مانیٹرنگ کرانے کی بھی درخواست کی۔

الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کی استدعا مسترد کر دی

تاہم الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کے وکیل کی دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کی استدعا مسترد کردی۔ الیکشن کمیشن کے ممبر اکرام اللہ نے کہا الیکشن ایکٹ کا سیکشن 215 واضح ہے، دوبارہ الیکشن کو بھول جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp