لاہور ہائیکورٹ: عمران خان کی 5 سالہ نااہلی اور پارٹی الیکشن سے متعلق درخواستیں لارجر بینچ کو ارسال

جمعہ 8 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی 5 سال کے لیے نااہلی اور الیکشن کمیشن کے پی ٹی آئی کو دوبارہ انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کے فیصلے کے خلاف درخواست 5 رکنی لارجر بینچ کو بھجوا دی۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کردہ درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، عمران خان کی جانب سے سینیٹر علی ظفر اور بیرسٹر سمیر کھوسہ پیش ہوئے، جسٹس شجاعت علی خان نے چیمبر میں درخواستوں پر سماعت کی۔

سماعت کے بعد لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواستیں 5 رکنی لارجر بینچ کو بھجوا دیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 5 سال کے لیے اپنی نااہلی اور دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ الیکشن کمیشن کا حکم غیر قانونی اور آئین کے بھی منافی ہے، لاہور ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کا دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم کالعدم قرار دے اور عدالت دس جون 2022 کو کرائے گئے انٹرا پارٹی الیکشن کودرست قرار دے۔

دوسری جانب سابق چئیرمن پی ٹی آئی نے 5 سال کے لیے نااہلی کو بھی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے 8 اگست 2023 کو 5 سال کے لیے نااہل کردیا ہے، الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو الیکشن سے باہر کرنے کے لیے جلد بازی میں غیر قانونی اقدام کیا ہے۔

عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کے جانب سے 5 برس کی نااہلی کو کالعدم قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک نااہلی کے نوٹیفکیشن کو معطل کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp