فائر بریگیڈ نے عرشی شاپنگ مال میں آگ لگنے کے واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی

جمعہ 8 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عائشہ منزل پر واقع ’عرشی شاپنگ‘ مال میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق شاپنگ مال کی عمارت میں ایمرجنسی الارم سمیت ہنگامی اخراج کے سائن موجود نہیں تھے، آگ لگنے کی وجوہات کا تعین بھی نہیں کیا جا سکا۔

محکمہ فائر بریگیڈ کی جانب سے جمعہ کو جاری تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عائشہ منزل پر واقع ’عرشی شاپنگ‘ مال میں آگ لگنے کی وجوہات کا فی الحال تعین نہیں ہوسکا تاہم آگ لگنے کی اطلاع  5بج کر41 منٹ پر ملی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فائر بریگیڈ کی ٹیم 5 بج کر 42 منٹ پرروانہ ہوئی۔ آگ سے دوسری منزل پر موجود 2 اپارٹمنٹس کو معمولی نقصان پہنچا جب کہ تیسری منزل پرایک اپارٹمنٹ مکمل آگ سے متاثر ہوا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ شاپنگ مال کے سامنے کھڑی 18 موٹرسائیکلیں ، ایک گاڑی جل کر خاکستر ہوگئیں جب کہ  آگ سے عمارت میں 76 میں سے 73 اپارٹمنٹس محفوظ رہے۔ اطراف  کی رہائشی عمارتیں، بینک، الیکٹرانک مارکیٹ ، گوداموں کو  آگ سے بچایا گیا۔

 

01 (2) by akkashir on Scribd

رپورٹ کے مطابق عمارت کے گراؤنڈ فلور پرقائم 169 دکانیں آگ سے جل کر مکمل خاکستر ہوئیں جب کہ گراؤنڈ فلور پر 120 دکانوں اورمیزنائن فلور پر 30 دکانوں کو جلنےسے بچایا گیا  ہے، اسی طرح گراؤنڈ فلورپربیشتردکانیں فوم کے گدوں، کپڑوں اور لکڑی کے فرنیچر پر مشتمل تھیں۔ آگ گراؤنڈ فلور سے میزنائن فلور تک پھیل گئی اور پھر فرسٹ  فلور کے اپارٹمنٹس میں لگ گئی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ فائر بریگیڈ کو آگ لگنے کی بروقت اطلاع نہیں دی گئی۔ فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ کے ایم سی کے 12 فائرٹینڈرز، 2 واٹر باؤزر، 2  اسنارکل نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا جب کہ واقعہ میں 500 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp