تیسرا ٹی ٹوئنٹی: نیوزی لینڈ ویمنز کی 6 رنز سے کامیابی، سیریز 2 ایک سے پاکستان ویمنز کے نام

ہفتہ 9 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئنز ٹاؤن میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو 6 رنز سے شکست دیدی۔ میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت ہوا۔ پاکستان ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 137 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ ویمنز نے 15 اوورز میں 2 وکٹوں پر 101 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا۔ اس طرح 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی یہ سیریز پاکستان ویمنز نے 2 ایک سے اپنے نام کرلی۔

پاکستان نے پہلا میچ 7 وکٹوں سے اور دوسرا میچ 10 رنز سے جیت کر نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم ہونے کا منفرد اعزاز حاصل کیا تھا۔

تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان ویمنز کو بیٹنگ دی۔ پاکستان ویمنز 4 تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری۔ شوال ذوالفقار۔ بسمہ معروف۔ ڈیانا بیگ اور نجیہہ علوی کی جگہ سدرہ امین۔ صدف شمس۔ وحیدہ اختر اور نتالیہ پرویز کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

کپتان ندا ڈار پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والی کھلاڑی بن گئیں

کپتان ندا ڈار کا یہ 141 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ تھا اس طرح وہ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والی کھلاڑی بن گئیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بسمہ معروف کا تھا جو 140 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل چکی ہیں۔

پاکستان ویمنز کی اننگز میں منیبہ علی اور سدرہ امین نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 64 رنز کا اضافہ کیا۔ سدرہ امین نے 4 چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے۔ منیبہ علی نے 2 چوکوں کی مدد سے 27 رنز اسکور کیے۔ تاہم ان دونوں کے بعد دیگر بیٹرز اسکور میں 73 رنز کا اضافہ کر پائیں۔ ندا ڈار نے 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رنز اسکور کیے۔ فاطمہ ثنا نے 2 چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنائے۔

میزبان ٹیم کی طرف سے کپتان ایمیلیا کر، نے 11 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ ایڈن کارسن نے 20 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان ویمنز کی طرف سے سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ ویمنز کی اننگز کی خاص بات سوزی بیٹس کی نصف سنچری تھی۔انہوں نے 5 چوکوں کی مدد سے 51 رنز اسکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔ انہوں نے کپتان ایمیلیا کر، کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 63 رنز کا اضافہ کیا۔ ایمیلیا کر 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔

سوزی بیٹس پلیئر آف دی میچ قرار پائیں جبکہ فاطمہ ثنا نے پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کیا۔

پاکستان ویمنز اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کی ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا میچ 12 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن میں کھیلا جائے گا جبکہ بقیہ 2 میچز 15 اور 18 دسمبر کو کرائسٹ چرچ میں کھیلے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp