نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ لائسنس بنوانے کا ٹوکن رکھنے والے شہریوں کا آئندہ 3 روز چالان نہیں ہوگا۔ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، لائسنس بنوانے کے پراسیس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ شہریوں کو تاخیر کے حوالے سے شکایات کے ازالے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے رات گئے پولیس خدمت مرکز لبرٹی کا دورہ کیا، جہاں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کا رش تھا۔ شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیے، کہا کہ کئی کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے، سسٹم سلو ہونے کا بہانہ کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے خدمت مرکز کے باہر اور اندر موجود شہریوں سے ملاقات کی اور فرداً فرداً لائسنس بنوانے کے حوالے سے پوچھا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے والے شہری بھی 8، 8 گھنٹے سے خوار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو موقع پر ہی فون کرے سسٹم کو بہتر بنانے اور ہنگامی طور پر ٹیم خدمت مرکز بھجوانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ٹریفک سائن ٹیسٹ دینے والے شہریوں کے لیے سسٹم کو بہتر اور فاسٹ ٹریک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لائسنس بنوانے کے عمل میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں۔