ندیم افضل چن کا عمران خان کے خلاف گواہی دینے سے انکار

ہفتہ 9 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ترجمان اور معاون خصوصی برائے پارلیمانی رابطہ رہنے والے ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ میں عدالت میں جا کر عمران خان کے خلاف گواہی نہیں دوں گا۔

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں کسی سیاستدان کے خلاف گواہی نہیں دے سکتا۔ عمران خان اس وقت جیل میں ہیں اور میں جن کے ماننے والا ہوں وہ کسی قیدی کے بارے میں بات نہیں کرتے۔

ندیم افضل چن نے کہاکہ 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں نیب نے مجھے بلایا تھا میں نے وہاں پر اپنا بیان ریکارڈ کرایا ہے اور حقیقت بتائی ہے، ’میں اس وقت وزیر نہیں تھا بلکہ بحیثیت معاون خصوصی کابینہ کی میٹنگ میں شریک ہوا تھا‘۔

انہوں نے کہاکہ میں نے اُس وقت عمران خان کو کہا تھا کہ یہ شہزاد اکبر فراڈ آدمی ہے یہ آپ کو مروائے گا۔

یاد رہے کہ ندیم افضل چن 2018 کے عام انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے تھے مگر اپنی سیٹ نہیں جیت سکے تھے۔ بعد ازاں پی ٹی آئی کی حکومت بننے کے بعد عمران خان نے انہیں ترجمان وزیراعظم کے علاوہ معاون خصوصی برائے پارلیمانی رابطہ کی ذمہ داریاں دی تھیں۔

ندیم افضل چن کے جلد ہی سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے اختلافات ہو گئے تھے جن کی بنیاد پر وہ جنوری 2021 میں اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے تھے۔

ندیم افضل چن نے 6 مارچ 2022 کو دوبارہ پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp