امریکا نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی کے لیے کانگرس کو نظر انداز کر دیا، اور ہنگامی اختیارات استعمال کرتے ہوئے اسرائیل کو 14ہزار ٹینک کے گولے فوری مہیا کرنا شروع کر دیے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے ہنگامی بنیادوں پر اسرائیل کو ہتھیار بیچنے کے لیے کانگرس کی اجازت کو بھی نظر انداز کر دیا، اس سے قبل جب بھی امریکا کسی بھی ملک کو ہتھیار بیچتا تھا تو کانگرس کے جائزے کو یقینی بنایا جاتا تھا۔
جبکہ امریکا کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جلد از جلد ہتھیاروں کی فراہمی سے اسرائیل اپنا دفاع مضبوط بنا سکے گا۔
مزید پڑھیں
اسرائیلی ٹینک کیا کر رہے ہیں؟
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق 2 اسرائیلی ٹینکوں کے گولوں نے رائٹرز کے ویڈیو جرنلسٹ عصام عبداللہ کو شہید اور 6 دیگر نامہ نگاروں کو زخمی کیا ہے، رائٹرز نے تحقیقات کے بعد اس ہفتے ہی اپنے اس نقصان کا انکشاف کیا ہے۔
اسرائیلی ٹینکوں نے شمالی غزہ کے جبالیہ میں العودہ اسپتال کو گھیرے میں لے رکھا ہے جہاں ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر 2 صحت کارکنوں کو گولی مار کر شہید کر دیا گیا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی ٹینکوں نے گزشتہ ماہ شمالی غزہ کے انڈونیشیا کے اسپتال کو گھیرے میں لے لیا تھا، اسرائیلی فائرنگ سے اسپتال کے احاطے میں کم از کم 12 فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔
دونوں ممالک کی فوجوں کے مطابق، گزشتہ ماہ مصری سرحد پر اسرائیلی ٹینک کے گولے کے ٹکڑوں سے مصری سرحدی محافظوں سمیت کم از کم 7 افراد زخمی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے غزہ میں انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کی پیش کردہ قرارداد بھی ویٹو کردی تھی جس پر تمام مسلم ممالک نے امریکا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔