انٹرا پارٹی انتخابات: پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کیخلاف کارروائی سے روک دیا

پیر 11 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیخلاف کارروائی سے روک دیا، نو منتخب چئیرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان کہتے ہیں پی ٹی آئی عام انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی۔

پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پاکستان تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف کوئی حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روکتے ہوئے الیکشن کمیشن سے جواب بھی طلب کر لیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ کے  جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ نومنتخب چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان پارٹی کی وکالت کے لیے پیش ہوئے۔

پی ٹی آئی کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کے حکم پر انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد کیا، جس میں تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے اور نتائج الیکشن کمیشن میں جمع کر ا چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس پر حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روکتے ہوئے عدالت نے حکم دیا کہ درخواست پر فیصلے تک الیکشن کمیشن فائنل آرڈر پاس نہ کرے، الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی۔

’انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے‘

سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت میں نو منتخب چئیر پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی آئندہ انتخابات کا بائیکاٹ نہیں بلکہ بھرپور بھرپور حصہ لے گی، عمران خان پی ٹی آئی کے تاحیات چیئرمین اور ایک جمہوری شخصیت ہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روک دیا ہے، اگر ہائی کورٹ سے رجوع نہ کرتے تو الیکشن کمیشن بلے کا انتخابی نشان تبدیل کردیتا جو کسی صورت قابل قبول نہیں، انھوں نے عدالتوں سے انصاف کے حصول میں کامیابی کی امید کا اظہار بھی کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp