بھارتی سپریم کورٹ نے بی جے پی کی پالیسی پر کارکن بن کر عمل کیا، شہباز شریف

پیر 11 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ  جموں وکشمیرعالمی سطح پر مسلمہ تنازعہ ہے اور بھارتی سپریم کورٹ کے کہنے سے اٹوٹ انگ کا جھوٹ سچ نہیں ہوجائے گا، بھارتی سپریم کورٹ نے بی جے پی کی پالیسی پرایک کارکن بن کر عمل کیا ۔

شہباز شریف نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کی طرح بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کی بھی کوئی حیثیت نہیں، یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی قرارداوں کے منافی ہے، لہٰذا یہ فیصلہ عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے، یہ فیصلہ دیکر بھارتی سپریم کورٹ نے عالی جرم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی قانون، سلامتی کونسل کی قراردادیں جموں وکشمیر کو متنازعہ خطہ اور مسئلہ تسلیم کرتی ہیں، عالمی قوانین، سلامتی کونسل کی قراردادوں کو بھارتی سپریم کورٹ یا بھارتی حکومت کا کوئی اقدام ختم نہیں کرسکتا۔

دنیا بھارتی فریب کو مسترد کرتی ہے، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے اس فیصلے کو ایک اور بھارتی جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان اور دنیا بھارتی فریب کو مسترد کرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے تاریخی جرم کیا ہے، بھارت سو ناٹک کرے، جموں و کشمیر کشمیریوں کا ہے اور کشمیریوں کا ہی رہے گا، بھارت کے کشمیریوں کو غلام بنانے کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قانون کا اطلاق ہوتا ہے ، کشمیر کے عوام کا آزادی اور استصواب رائے کا حق نہیں چھینا جا سکتا، جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ مسئلہ ہے، کوئی بھی بھارتی ہتھکنڈا اس مسلمہ عالمی تنازع کی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp