امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے خلاف میونسپل کارپوریشن کونسل میں تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کر دیا ہے۔
کراچی میں سٹی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم نے اس سے قبل کونسل کا اجلاس بلانے کی پوری کوشش کی لیکن پیپلز پارٹی کے میئر کا رویہ قوم کے سامنے ہے۔
مزید پڑھیں
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کو پسماندہ رکھا جا رہا ہے، عوام پر مزید ظلم برداشت نہیں کر سکتے، کراچی کی میئر شپ ان شا اللہ عوام کے حقیقی نمائندے کو ملے گی اور عوام کی مشکلات کا ازالہ کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی قرارداد میونسپل کارپوریشن کے ووٹ کے بغیر اکثریت سے منظور کی گئی، فاشزم اور بنیاد پرست سوچ جاری نہیں رہ سکتی۔ان شا اللہ عدم اعتماد کا ووٹ میئر کراچی کو گھر بھیج دے گا اور آئندہ میئر کراچی جماعت اسلامی سے ہو گا۔
حافظ نعیم نے کہا کہ ’کے الیکٹرک ‘ کراچی کے عوام کی دشمن ہے، بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس جمع کرنا کراچی کے عوام سے دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے ہم عوام پر مزید ظلم برداشت نہیں کریں گے۔