رانا ثنااللہ کا جواد ایس خواجہ پر عدلیہ کو تقسیم کرنے کی سازش کا الزام

پیر 11 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ جسٹس (ر) جواد ایس خواجہ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے حوالے سے بنے انٹرا کورٹ اپیل کے بینچ پر اپنے اعتراض کے ذریعے قومی مجرموں کو ریلیف دلوانا چاہتے ہیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل پر بنے انٹرا کورٹ اپیل کے بینچ کے سربراہ پر اعتراض ایک مذموم اقدام ہے۔

انہوں نے کہاکہ جواد ایس خواجہ اپنی پوزیشن کو استعمال کرتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔

رانا ثنااللہ نے کہاکہ 9 مئی کے مجرم ملک اور قوم کے مجرم ہیں جو کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہوں گے۔

سپریم کورٹ نے سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کو غیر آئینی قرار دیدیا

واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے سویلینز کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل غیرقانونی قرار دے دیا تھا۔ اب عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر ہوئی ہے۔

جواد ایس خواجہ نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں جسٹس سردار طارق مسعود کی بینچ میں موجودگی پر اعتراض اٹھا تے ہوئے کہا کہ جسٹس سردار طارق مسعود فوجی عدالتوں سے متعلق درخواستوں پر نوٹ میں اپنی رائے دے چکے لہٰذا وہ بینچ سے الگ ہو جائیں۔

اس وقت فوجی عدالتوں کا معاملہ اس لیے اہم ہے کہ سانحہ 9 مئی کی پاداش میں گرفتار ملزمان کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل ہونا ہے۔ ’سول اور ملٹری قیادت کا اس بات پر اتفاق ہے کہ جن ملزمان نے 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کیے ان کے مقدمات ملٹری کورٹس میں ہی چلیں گے جبکہ دیگر کو انسداد دہشتگردی کی عدالتوں سے سزائیں دلوائی جائیں گی‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp