توقع سے بھی کم حج درخواستیں موصول، ڈیڈ لائن میں 10 دن کی توسیع

منگل 12 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزارت مذہبی امور نے ملک بھر سے سرکاری حج اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولیوں کا آج آخری دن تھا تاہم مہنگائی کے باعث درخواستوں کی توقع سے انتہائی کم وصولیاں ہوئی ہیں  اور اب تک کل کوٹے کی 45 فیصد (40 ہزار) درخواستیں جمع ہو سکی ہیں جس کے باعث درخواست وصولی کی مدت میں 10روزہ توسیع کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر انیق احمد نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت حج پیکج ایک لاکھ روپے کم کردیا گیا لیکن اس کے باوجود ملک کے معاشی حالات کے سبب عوام کی جانب سے حج درخواستیں کم جمع کروائی گئی ہیں۔

انیق احمد کا کہنا تھا ڈیڈ لائن سے ایک روز قبل یعنی پیر کو سب سے زیادہ 9 ہزار 379 درخواستیں وصول کی گئیںتاہم  درخواستوں کی وصولی کی مدت میں مزید 10 روز کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

بغیر قرعہ اندازی حج کے موقعے کے باوجود عازمین کی تعداد کم

واضح رہے کہ پاکستان سے ہر سال لاکھوں عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوتے ہیں اور پہلے تو سرکاری حج کے لیے درخواستیں جمع کرانے والوں کی تعداد اتنی زیادہ ہوتی تھی کہ قرعہ اندازی کے ذریعے امیدواروں کو حج پر بھیجا جاتا تھا تاہم اب مہنگائی کے باعث حج پر جانے والوں کی تعداد میں انتہائی کمی واقع ہوچکی ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 15 روز میں محض 40 ہزار 175 درخواستیں جمع ہوسکی ہیں۔

سرکاری حج کوٹہ پورا نہ ہونے کے باعث وزارت مذہبی امور حکام نے درخواستیں وصول کرنے کی مدت میں اضافہ کیا ہے۔ اس سے قبل نگراں حکومت نے حج درخواستوں کی وصولی کے لیے 27 نومبر سے 12 دسمبر تک کا وقت دیا تھا۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت مجموعی حج کوٹہ 89 ہزار 605 ہے لیکن اب تک ساڑھے 38 ہزار 274 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جبکہ سرکاری اسپانسر شپ اسکیم کے تحت ڈالرز میں اب تک تقریباً 1901 درخواستیں جمع کروائی گئی ہیں۔ سرکاری ریگولر اسکیم کے تحت 63 ہزار 805 اور اسپانسر شپ اسکیم کے تحت 25 ہزار کوٹہ رکھا گیا ہے۔

اخراجات میں ایک لاکھ روپے کمی لیکن پھر بھی کم درخواستیں موصول

حکومت نے سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات میں گزشتہ سال کی نسبت مزید کمی بھی کی ہے جس کے بعد اب حج ایک لاکھ روپے سستا ہوا ہے اور رواں سال ایک حاجی کو فی کس قربانی کے اخراجات سمیت تقریباً 11 لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے۔

حکومت نے زیادہ سے زیادہ عازمین کو ٹارگٹ کرنے کے لیے کم دورانیے کا حج متعارف کرایا ہے لیکن اس کے باوجود بیرون ملک پاکستانیوں کی سرکاری حج اسکیم میں عدم دلچسپی نظر آ رہی ہے۔

وزارتِ مذہبی امور نے گزشتہ سال 20 ہزار کا حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کیا تھا تاہم اس بار اب تک گزشتہ برس سے بھی کم درخواستیں جمع ہوئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp