بینو قادر ٹرافی: پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 11 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا

بدھ 13 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز بینو قادر ٹرافی کے لیے کپتان شان مسعود کی سربراہی میں 11 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔ نئے کھلاڑیوں میں عامر جمال اور خرم شہزاد پاکستان کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے کو تیار ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ 11 رکنی اسکواڈ میں اوپننگ بلے باز امام الحق اور عبد اللہ شفیق شامل ہیں۔ کپتان شان مسعود اور بابر اعظم ٹاپ آرڈر سنبھالیں گے۔

پلیئنگ الیون میں سرفراز احمد اور سعود شکیل مڈل آرڈر کی ذمہ داری سنبھالیں گے، اسپنر سلمان علی آغا اور فہیم اشرف آل راؤنڈر کے طور پر ٹیم میں کھیلیں گے۔

شاہین شاہ آفریدی اٹیکنگ فاسٹ بولر جبکہ خرم شہزاد ان کے ساتھی بولر کے طور پر پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔ عامر جمال کو مکمل اسپنر کے طور پر لیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کی بینو قادر ٹرافی کی رونمائی کی گئی، ٹرافی کی رونمائی میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے حصہ لیا۔

پاکستان کے کپتان شان مسعود اور آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے اس موقع پر پرتھ اسٹیڈیم میں ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہو گا۔

دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم نے بھی پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم میں ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری اور مچل اسٹارک، کپتان پیٹ کمنز، نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp