وفاقی کابینہ نے پاکستان کی پہلی ’نیشنل اسپیس پالیسی‘ کی منظوری دے دی ہے۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نشریات مرتضیٰ سولنگی نے اسلام آباد میں دیگر وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پالیسی کے تحت پاکستان میں ابلاغ اور روابط کے لیے بین الاقوامی کمپنیوں کو خدمات فراہم کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت نہ صر ف پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری ہوگی بلکہ پاکستان سے ان خدمات کے حصول کے لئے معاوضے کی مد میں باہر جانے والا قیمتی زرِ مبادلہ بچایا جاسکے گا۔
بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد
مرتضیٰ سولنگی نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے بھارتی سپریم کورٹ کے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے حوالے سے فیصلے کو غیر قانونی فیصلہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک مسلمہ بین الاقوامی تنازعہ ہے جو 7 دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر حل طلب ہے، جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا ہے، بھارتی سپریم کورٹ کے نام نہاد فیصلے سے مسئلہ کشمیر پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
افغان باشندوں کے لیے قواعد و ضوابط میں تبدیلی
نگراں وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان میں مقیم ایسے افغان باشندوں کے لیے قواعد و ضوابط میں تبدیلی کی منظوری دی ہے جن کا پاکستان کے علاوہ کسی تیسرے ملک میں انخلا ہونا ہے اور ان کے پاس داخلے کا کوئی قانونی ثبوت اور پروسسنگ فیس نہیں ہے، ایسے افراد کے پاکستان میں معینہ مدت سے زیادہ قیام کے نتیجے میں 800 ڈالر کے ہرجانے کو کم کرکے 400 ڈالر کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
مرتضیٰ سولنگی نے بتایا کہ ایسے تمام افغان باشندوں کے پاکستان میں قیام کی مدت کی حد کو 31 دسمبر 2023 سے بڑھا کر29 فروری 2024 کردیا گیا ہے۔ مقررہ تاریخ کے بعد ہر ماہ 100 ڈالر کے حساب سے ہرجانے کا اطلاق ہوگا جس کی زیادہ سے زیادہ حد 800 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
وزارت سمندری امور میں بدانتظامی کی تحقیقات کی منظوری
علاوہ ازیں، وزارت سمندری امور کی سفارش پر کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر کی فی الفور اپنے ادارے کو واپس کرنے اور ادارے میں سامنے آنے والی بدانتظامی کی تحقیقات کی بھی منظوری دی گئی ہے، نئے منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی تک ریئر ایڈمرل شاہد احمد، ڈی جی آپریشنز پورٹ قاسم اتھارٹی کو اس کا اضافی چارج دینے کی بھی منظوری دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 نومبر کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی تاہم کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے فیصلہ مؤخر کردیا۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹوکیسز کے 6 دسمبر 2023 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی، ان فیصلوں میں سائبر کرائمز کے تدارک، پراسیکیوشن اور فیصلہ سازی سے متعلق نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کا قیام شامل ہے ساتھ ہی ساتھ ٹیلی کام ٹریبیونل بھی قائم کیا جائے گا۔