دی ویسٹ ٹیسٹ: پہلے دن کا کھیل ختم، آسٹریلیا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنا لیے

جمعرات 14 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ آج سے 18 دسمبر تک پرتھ کے آپٹس اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 07:20 بجے شروع ہوا، پرتھ ٹیسٹ میں پہلے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے 84 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنا لیے۔

عثمان خواجہ، مارنس لیبوشین، اسٹیون اسمتھ، ٹریوس ہیڈ اور ڈیوڈ وارنر آؤٹ ہوگئے۔ عثمان خواجہ 98 گیندوں پر 41 رنز بنا کرشاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ مارنس لیبوشین 25 گیندوں پر 16 رنز بنا کر فہیم اشرف کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

اسٹیون اسمتھ 60 گیندوں پر 31 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ٹریوس ہیڈ نے 53 گیندوں پر 40 رنز بنائے اور عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

آسٹریلوی اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے شاندار اننگ کھیلی، 211 گیندوں پر 164 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہین شاہ، فہیم اشرف اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے آسٹریلین پرائم منسٹرالیون اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان آسٹریلوی دارالحکومت کینبرامیں کھیلا گیا 4 روزہ وارم اپ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔

دی ویسٹ ٹیسٹ

پرتھ اسٹیڈیم میں آج سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کےشائقین کرکٹ کے لیے خصوصی پہاڑی ’دی ویسٹ ہل‘ بھی بنائی گئی ہے۔

ویسٹرن آسٹریلیا کی کرکٹ میں ایک نئے دور کا آغاز ہورہا ہے، اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا ہر ٹیسٹ میچ اب ’دی ویسٹ ٹیسٹ‘ کے نام سے کہلایا جائے گا  جس کا اطلاق پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے ہوگا۔

شائقین کرکٹ کو بہترین ماحول اور نظارہ فراہم کرنے کے لیے پرتھ اسٹیڈیم میں خصوصی پہاڑی بنائی جا رہی ہے جسے ’دی ویسٹ ہل‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ پہاڑی تاریخی واکا اسٹیڈیم کی طرح شائقین کرکٹ کو کھیل کا بہترین نظارہ فراہم کرے گی، یہاں 500 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

’دی ویسٹ ہل‘ پر فیملیز کے بیٹھنے اور بچوں کے کرکٹ کھیلنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

شان مسعود کی کپتانی کا امتحان

شان مسعود کی کپتانی کا پہلا امتحان پرتھ میں ہوگا۔ اس سے قبل شان مسعود  نے کاؤنٹی کرکٹ میں یارکشائر کی کپتانی کو ان کی صلاحیتوں کا اعتراف سمجھتے ہیں حالانکہ یارکشائر نے نسلی تعصب کے سکینڈل کے باعث فیصلہ کرلیا تھا کہ کسی غیرانگریز کو کپتان بنایا جائے۔ شان مسعود  نے اگرچہ اس دورے پر ٹور میچ میں ڈبل سینچری بنا کر اپنی بطور کپتان پہلی سیریز کا شاندار آغاز کیا ہے لیکن  ٹیسٹ کرکٹ میں انہیں ایک اعلی درجے کی بولنگ کا سامنا کرنا ہوگا۔

شان مسعود نے پہلا چیلینج قبول کرتے ہوئے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ایک مضبوط اور متوازن ٹیم کا انتخاب کر لیا ہے۔ وہ ایک سنجیدہ کھلاڑی ہیں جو مخالف ٹیم کی حکمت عملی پر بہت قریب سے غور کرتے ہیں۔ یارکشائر کے سابق کپتان جیفری بائیکاٹ ان کی کپتانی سے متاثر ہیں اور تعریف کرتے ہیں۔ شان مسعود کو اندازہ ہے کہ یہ دورہ انتہائی مشکل اور کپتانی کے لیے کانٹوں کی سیج ہے لیکن وہ پراعتماد ہیں۔

پچ رپورٹ

پرتھ میں پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ڈراپ ان پچ بچھائی گئی ہے۔ اس سے پچ پر باؤنس کچھ کم ہوسکتا ہے اور بیٹنگ کو کسی حد تک سکون مل سکے لیکن پرتھ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پچ پر گھاس اور باؤنس دونوں موجود ہیں۔

پاکستان ٹیم کے بیٹرز کے لیے اس پچ پر سخت امتحان ہوگا۔ پاکستانی بولرز کو ایسی پچ پر بولنگ کا زیادہ تجربہ نہیں ہے لیکن آسٹریلوی بولرز اس کے عادی ہیں اس لیے ان کو باؤنس ملنے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔ ڈراپ ان پچ پر گیند سیم کم ہوتا ہے کیونکہ اس پر سپاٹ کم بنتے ہیں۔

بعض اوقات اس پر کہیں کہیں مٹی دب جاتی ہے۔ پاکستان ٹیم پچ پر گھاس کی وجہ سے 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ کھیل رہی ہے۔

پاکستان ٹیم نے گزشتہ ایک سال میں زیادہ تر کرکٹ سست اور بے جان پچوں پر کھیلی ہے جس کے باعث بلے بازوں کو بیک فٹ پر کھیلنے کی عادت نہیں رہی ہے جبکہ آسٹریلیا میں ہر دوسری گیند بیک فٹ پر کھیلنا پڑتی ہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

پلیئنگ الیون میں کپتان شان مسعود سمیت امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، عامر جمال اور خرم شہزاد شامل ہیں۔

آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون

آسٹریلوی ٹیم میں کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، سٹیو سمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری اور مچل سٹارک شامل ہیں۔

پاکستان کے خلاف پہلے میچ کے لیے نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ بھی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp