امریکی جریدے ٹائم میگزین نے اپنی جاری کردہ دنیا بھر کی بااثر خواتین کی فہرست میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی ماحولیاتی کارکن عائشہ صدیقہ کا نام بھی شامل کیا ہے۔
امریکی جریدے ٹائم میگزین نے سال 2023کے لئے مختلف شعبوں میں نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والی دنیا کی 12 بااثر خواتین کی فہرست جاری کی ہے۔ ان 12 بااثر خواتین میں پاکستان کی24سالہ عائشہ صدیقہ بھی شامل ہیں۔
ماحولیاتی کارکن عائشہ صدیقہ نے 16 سال کی عمر سے ہی ماحولیاتی بقا کے مسئلے کو اجاگر کرنا شروع کر دیا تھا۔گزشتہ برس عائشہ صدیقہ نے مصر کے شہر شرم الشیخ میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منعقدہ کلائمیٹ کانفرنس سے بھی خطاب کیا تھا۔
پولیوٹرز آؤٹ کی شریک بانی کی حیثیت سے عائشہ صدیقہ نے 2020میں نوجوانوں کے عالمی اکٹھ کی بنیاد ’انٹرنیشنل یوتھ کولیشن‘ کے نام سے رکھی تھی اس کے علاوہ وہ ’فوسل فری یونیورسٹی‘ کے عنوان سے ٹریننگ کورس کا اجرا بھی کرچکی ہیں۔